بھارت میں محبوب سے شادی کے لیے خاتون ہائی وولٹیج ٹاور پر چڑھ گئی

image

بھارت کے شہر میرٹھ میں ایک خاتون نے محبوب سے شادی کے مطالبے کے لیے ہائی وولٹیج بجلی کے ٹاور پر چڑھ کر سب کو حیران کر دیا جس نے 50 برس پرانی شہرہ آفاق ایکشن فلم شعلے کے ایک یادگار منظر کو حقیقت میں دوہرا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، میرٹھ کی رہائشی بسنتی نامی خاتون نے اپنے محبوب ویرو سے شادی کے لیے یہ انتہائی خطرناک قدم اٹھایا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور خاتون کو نیچے اترنے پر راضی کرنے کی کوشش کی لیکن بسنتی نے کہا کہ اگر اس کی ویرو سے شادی نہ کروائی گئی تو وہ اپنی جان لے لے گی۔ کئی گھنٹوں تک حکام خاتون کو نیچے اتارنے میں ناکام رہے۔

صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے حکام نے بسنتی کے محبوب ویرو کو موقع پر بلایا جس کے بعد خاتون کو بحفاظت بجلی کے ٹاور سے نیچے اتارنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

پولیس کے مطابق بسنتی اور ویرو کی ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی اور دونوں شادی کرنا چاہتے ہیں مگر مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے کی وجہ سے اہلِ خانہ اس رشتے کے خلاف ہیں۔ اس کے پیشِ نظر دونوں خاندانوں کو پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا ہے تاکہ معاملے پر بات چیت کی جا سکے اور خاتون کو آئندہ ایسے خطرناک اقدامات سے روکنے کے لیے کونسلنگ فراہم کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US