لباس انسان کی پہچان ہے۔ جو جہاں رہتا ہے وہ اس ثقافت سے ملتے جلتے لباس پہنتا ہے۔ پاکستان کئی ثقافتوں کا مجموعہ ہے۔ کوئی سندھی، تو کوئی پنجابی، کوئی پشتو تو کوئی بلوچی۔ یہ سب آپس میں یکجان ہیں۔ سب کے اپنے منفرد اور خوبصورت رنگ برنگے لباس ہیں۔
پاکستان کا قومی لباس قمیض اور شلوار ہے۔ لیکن سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو ثقافت کے لباس بہت مشہور ہیں۔
٭ بلوچی لباس:
بلوچی لباس دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ یہ سب سے مختلف ہوتا ہے۔ اس میں ایک بڑی سی جیب ہوتی ہے۔ یہ نظر نہیں آتی کیونکہ اس کے اوپر کڑھائی اس انداز میں کی جاتی ہے کہ یہ قمیض کا ڈیزائن معلوم ہوتی ہے۔ اس ایک قمیض کی قیمت 3 سے 7 اور 10 ہزار روپے ہے جبکہ امپورٹڈ بلوچی کڑھائی کی قمیضیں لاکھوں روپے میں فروخت ہوتی ہیں۔ ان قمیضوں پر موجود جیب کو بنانے میں 2 ماہ کا وقت لگتا ہے اور اس میں تقریباً 7 سے 8 کلو چینی یا آٹا رکھا جاسکتا ہے۔ بلوچی کشیدہ کاری ایک مہنگا اور مشکل ہنر ضرور ہے جہاں عام سی باریک سوئی سے کپڑوں پر خوبصورت نقش و نگار بنائے جاتے ہیں ۔
٭ سندھی لباس:
سندھی لباس میں سوسی اور اجرک سب سے زیادہ مشہور ہیں۔ اس لکے علاوہ سندھی کڑھائی کے کپڑے پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا میں بھیجے جاتے ہیں۔ اجرک کا تو آپ کو معلوم ہی ہے کہ ہر شخص بچہ ہو یا بڑا سب اس کو پہنتے ہیں۔ اس سے بنی چیزیں استعمال کرتے ہیں۔ سوسی کا کپڑا البتہ
سندھ کی ثقافت کی ایک قدیم دست کاری ہے، جو سوت اور ریشم کے دھاگے کی سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس کی تیاری میں چرخے کا استعمال ہوتا ہے۔
٭ پنجابی لباس:
پنجاب میں مرد حضرات لُنگی باندھتے ہیں اور خواتین قمیض شلوار کے ساتھ پراندہ لگاتی ہیں۔ کپڑے اکثر سلک فیبرک ہوتے ہیں جو دکھنے میں بہت چمکدار سے نظر آتے ہیں۔ پنجاب کا کلچر ویسے ہی بہت رنگ برنگا ہے۔ یہاں لوگ ہر طرح کے رنگوں کو پہنتے ہیں۔
یہ غزارہ اور چھوٹی قمیض بھی پہنتی ہیں۔
٭ پشتو لباس:
ہمارے پشتون بھائی شلوار قمیص، کندھے پر چادر، پشاوری چپل اور پگڑی میں نظر آتے ہیں۔ جبکہ خواتین بڑے گھیر کے فراق پہنتی ہیں جس میں ہاتھوں کی کڑھائی ہوتی ہے اور اس میں شیشے کا کام کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی وہ ماتھا بند بھی پہنتی ہیں جو بہت خوبصورت لگتا ہے۔
پاکستان میں یہ لباس سب سے زیادہ پسند کئے جاتے ہیں، چاہے ثقافت کوئی بھی ہو یہ لباس پاکستان کی پہچان ہیں۔