پاکستان میں ایک ایسا شخص سامنے آیا ہے جس کا ولیمہ ایک دو یا چار سال نہیں بلکہ پورے 41 سال بعد ہوا۔ لوگوں نے مذکورہ شخص کی اتنی تاخیر کے بعد ولیمے کی تقریب پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔
دلہے کا تعلق پاکستان کے شہر جیکب آباد سے ہے۔ جوڑے نے شادی کے 41 سال بعد اپنے ولیمے کی تقریب منعقد کی۔
جیکب آباد کے علاقے دستگیر کالونی محلے سے تعلق رکھنے والے محمد مفید پٹھان کا ولیمہ شادی کے 41 سال بعد ہوا جس میں ان کے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں نے بھی شرکت کی۔
محمد مفید پٹھان نے41 سال قبل 1980 میں پاکستان سے بھارت جاکر اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد سے تعلق رکھنے والی اپنی کزن سے شادی کی تھی لیکن مفید پٹھان نکاح اور رخصتی کے بعد جب اپنی دُلہن کو لے کر پاکستان پہنچے تو ان کے ولیمے کی دعوت اس وقت نہ ہوسکی۔
گزشتہ روز شادی کے 41 سال بعد محمد مفید پٹھان کی دعوت ولیمہ کی تقریب ہوئی جس میں نہ صرف اہل علاقہ بلکہ ان کے چار بیٹوں اور چار بیٹیوں سمیت پوتوں، پوتیوں اور نواسیوں سمیت بڑی تعداد میں مہمان خصوصی نے شرکت کی۔