رات کو سارے دوست مل کر چائے پیتے ہیں تو کہیں، ہر اتوار کرکٹ کھیلا جاتا ہے۔۔۔ جانیے ایسی کون سی چیزیں ہیں جو کراچی کے لڑکے لازمی کرتے ہیں؟

image

منی پاکستان کہلائے جانے والا شہر کراچی، جس نے پاکستان کے تمام رنگ، زبانیں اور مختلف ثقافتوں کو اپنے اندر سمویا ہوا ہے۔ مگر اس 2 کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کا کچھہ اپنا منفرد مزاج بھی ہے جو کہ ملک کے مختلف حصوں سے الگ ہے۔

آج ہم آپ کو اس شہر میں بسنے والوں کی کچھ منفرد طرز زندگی کے بارے میں بتائیں گے، جن کے بارے میں کراچی والے تو جانتے ہیں لیکن شہر سے دور رہنے والے اس منفرد طرز زندگی سے واقف نہیں۔

چائے کا ہوٹل اور باتیں

یوں تو کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی مشروب چائے ہے۔ خوشی ہو یا غم، سیاسی گفتگو ہو یا گرما گرم اظہار خیال سب چائے سامنے رکھ کر کیا جاتا ہے۔

کہتے ہیں کہ کراچی کی راتیں جاگتی ہیں، اور جاگنے کیلئے چائے کا ہونا ضروری ہے۔ کراچی کا مزاج بھی چائے کی طرح گرم، اخلاق میں چائے کی طرح خوش ذائقہ اور خلوص و محبت میں چائے کی طرح خوشبو دار ہے۔

کراچی میں چائے کے ہوٹلوں کا کلچر بہت پرانا ہے۔ لیکن اب اس میں بھی جدت آتی جارہی ہے۔ جیسے کہ آپ گرما گرم بھاپ اڑاتی مٹکا چائے کو ہی دیکھ لیجیے، مگر ان سب کے باوجود کوئٹہ ہوٹل کی دودھ پتی چائے کا کوئی جواب نہیں۔ کراچی کے چائے کے ہوٹل اکثر و بیشتر آدھی رات یا کوئی کوئی تو فجر تک کھلے رہتے ہیں۔ جہاں دن بھر کے تھکے ہارے لوگ کچھ وقت چائے کے دھوئیں کے ساتھ اپنی فکر و پریشانی کو اڑا کر ذہنی سکون حاصل کرتے ہیں۔

اتوار کا کرکٹ

ایسا کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ کھیلا جانے والا کھیل کرکٹ ہے۔ مگر کراچی میں اتوار کے دن ہر گلی محلوں میں نوجوان آپ کو کرکٹ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔

دراصل کراچی کی زندگی اتنی تیز ہے کہ یہاں کے باشندوں کیلئے صرف ایک اتوار کا دن ہی ملتا ہے، جو کہ کرکٹ کے اپنے شوق کو بھرپور انداز میں چھٹی کے دن پورا کرتے ہیں۔

گلی محلوں میں بڑی تعداد میں کرکٹ کھیلنے کے پیچھے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کراچی میں آبادی کے لحاظ سے کرکٹ کھیلنے کیئلے میدانوں کا نہ ہونا ہے۔

حلوا پوری کا ناشتہ

یوں تو پنجاب میں چھولے، نان یا پھر لسی پائے کا ناشتہ بہت مشہور ہے، اسی طرح کراچی کے باشندوں کیلئے چھٹی والے دن حلوا پوری کا ناشتہ ایک روایت بن چکا ہے۔ صبح سویرے نوجوان، فیملیز اپنی پسندیدہ جگہوں پر جا کر حلوا پوری کا ناشتہ کرتے ہیں۔ جبکہ اگر کوئی باہر جاکر ناشتہ نہیں کرتا وہ حلوا پوری گھر پر لے آتا ہے۔


About the Author:

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts