گزشتہ چند دن سے مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کے چرچے سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔ اسی حوالے سے میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
اپنے بیٹے کی شادی سے متعلق مریم نواز نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عوام اور میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میرے بیٹے کی شادی ایک نجی اور خاندانی معاملہ ہے۔ میں ہر ماں کی طرح یہ حق رکھتی ہوں کہ مجھے اس موقع پر آزادانہ انداز سے خوشی منانے کا موقع ملے اور اس میں سیاسی تبصرے بازی اور مداخلت نہ ہو۔
نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے مزید لکھا کہ میں میڈیا اور ہر شخص سے مؤدبانہ گزارش کرتی ہوں کہ میرے خاندان کی پرائیوسی کا احترام کریں، شکریہ۔
خیال رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر ریٹائرڈکے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات رائیونڈ میں چل رہی ہیں اور گزشتہ دنوں مریم نواز اور حمزہ شہباز کے گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہٰن جو کہ مداحوں کی جانب سے بہت پسند کی جارہی ہیں۔