"نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم میں رپورٹ درج کروادی۔ بسم اللہ"
یہ کہنا ہے پاکستانی سیاست دان شرمیلا فاروقی کا جنھوں نے ایک دن پہلے نادیہ خان کے شرمیلا کی والدہ انیسا فاروقی کے ساتھ ویڈیو بنانے پر نہ صرف غم و غصے کا اظہار کیا تھا بلکہ نادیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اپنی بات کو پورا کرتے ہوئے شرمیلا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیس درج کرنے کی اسٹوری بھی شئیر کی جس میں انھیں سائبر کرائم کے دفتر میں بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے۔
ایسی نزرگ خاتون کا مذاق اڑایا گیا جنھوں نے اپنا شوہر چند دن پہلے کھویا ہے
نادیہ خان کی جانب سے شئیر کی گئی ویڈیو کے بعد شرمیلا فاروقی نے اپنے انسٹاگرام پر کئی اسٹوریز شئیر کیں جس میں انھوں نے نادیہ خان کے رویے کی مذمت اور بزرگوں کے ساتھ احترام کا رویہ اپنانے پر زور دیا۔ شرمیلا لکھتی ہیں " اس بات کی اجازت کسی کو نہیں ہونی چاہئے کہ وہ میری یا کسی کی بھی ماں کا مذاق اڑائے ۔ وہ بھی ایک ایسی بزرگ عورت کا جس نے صرف 95 دن پہلے اپنا شوہر کھویا ہو"
نتیجہ اللہ پر چھوڑتی ہوں
اس کے ساتھ ہی شرمیلا نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے سوشل میڈیا پر ان کے حق میں آواز اٹھائی۔ شرمیلا کا کہنا ہے کہ ان کی تربیت اس انداز میں نہیں ہوئی کہ وہ کسی کے لئے برے الفاظ اپنائیں اس لئے وہ قانونی راستہ اختیار کرکے نتیجہ اللہ کی ذات پر چھوڑیں گی۔
جس کو سائبر کرائم جانا ہے جائے
سماء نیوز کے مطابق نادیہ خان کا کہنا ہے کہ جس کو سائبر کرائم جانا ہے وہ بے شک جائے البتہ متعلقہ ویڈیو ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ بھی بڑی تعداد میں نادیہ خان کو ان کے رویے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔