ایسکیلیٹر کے کناروں پر جوتے صاف کرنے والے برش کیوں ہوتے ہیں؟ جانیئے اس سے متعلق وہ باتیں جو کم لوگ جانتے ہیں

image

مال میں شاپنگ کے دوران چڑھنے اترنے کے لئے آپ ایسکیلیٹر کا استعمال تو لازمی کرتے ہوں گے اور اگر آپ چیزوں پر غور کرنے کے عادی ہیں تو ایسکیلیٹر کے کناروں پر جوتے صاف کرنے والے برش بھی دیکھے ہوں گے۔ لیکن کیا چلتی ایسکیلیٹر پر جوتے صاف کرنا ممکن ہے؟ اگر نہیں تو آخر یہ ہوتے ہی کیوں ہیں؟

جوتے صاف کرنے والے برشز

اپنے قارئین کو یہ بتاتے چلیں کہ ایسکیلیٹر کے برشز کے ان ریشوں کو اسکرٹ ڈیفلیکٹرز کہتے ہیں۔ اب آجائیں ان کے مقصد کی طرف۔ تو جناب ان برشز کا مقصد ایسکیلیٹر پر آپ کی حفاظت کرنا ہوتا ہے۔ دراصل ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں اور کناروں کے درمیان دوپٹہ یا جوتے وغیرہ پھنس جائیں تو خطرناک حادثات پیش آسکتے ہیں جس سے چوٹ بھی لگ سکتی ہے اور ایسکیلیٹر کی مشین پھنس بھی سکتی ہے۔ یہ برشز اس لئے موجود ہوتے ہیں کہ آپ کو مشین پر اس خلا سے دور کھڑے ہونے میں مدد کریں تاکہ آپ حادثات سے محفوظ رہیں۔

ایسکیلیٹر پر احتیاط کریں

ایسکیلیٹرز کی بات ہورہی ہے تو بتاتے چلیں کہ دیکھا گیا ہے چھوٹے بچے شرارت میں اس پر بھاگنے لگتے ہیں یا کوئی چیز گر جائے تو اٹھانے لگتے ہیں جبکہ یہ طریقہ کافی غلط ہے۔ بچوں کو اس عمل سے روکیں اور ہمیشہ ان کا ہاتھ تھامے رہیں۔ اس کے علاوہ دوپٹہ وغیرہ سمیٹ کر ایسکیلیٹر پر پاؤں رکھیں تاکہ آپ محفوظ رہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US