جانوروں میں پھیلی لمبپی اسکن ڈیزیز نے جہاں بے زبان جانوروں کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں عوام بھی سخت پریشانی میں ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ اس بیماری میں مبتلا گائے کا دودھ پینا انسانی صحت کے لئے بھی خطرناک ہے۔ دوسری طرف کچھ لوگ اپنے پالتو جانور کو تکلیف میں نہیں دیکھ پاتے اور کچھ جو مویشی پالنے کے پیشے سے منسلک ہیں وہ اپنا کاروبار ٹھپ ہوتا دیکھ کر فکرمند ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے اس بیماری کے بارے میں اور اس سے متعلق ضروری ہدایات اور احتیاط جو اس مشکل وقت میں آپ کی مدد کرسکتی ہیں۔
کیپری فاکس وائرس
سماء ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ بیماری کیپری فاکس نامی وائرس سے پھیلتی ہے۔ اس بیماری کی علامات میں جسم پر آبلے نما دانے اور تیز بخار شامل ہیں۔ یہ وائرس پہلی بار 2012 میں جنوبی افریقا میں رپورٹ ہوا تھا جو جانوروں کی خرید و فروخت کی وجہ سے مختلف ممالک میں جاپہنچا ہے ۔
ملٹی وٹامنز کا استعمال ضروری ہے
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری سے جانوروں کی مرنے کی شرح5 فیصد ہے لیکن یہ وائرس پرندوں اور مچھروں کے کاٹنے سے دوسرے صحت مند جانوروں کو بھی بیمار کرسکتا ہے۔ ماہرین نے مزید بتایا کہ جس جانور کو یہ پاکس کی بیماری لگ جائے اسے تی دن تک ملٹی وٹامنز استعمال کروائے جائیں اس کے بعد اینٹی بائوٹک اور اسٹیرائڈز کا استعمال شروع کیا جائے اگر ملٹی وٹامنز نہ دی جائیں تو بیماری جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔
عوام کو اس سے خطرہ نہیں ہے
مشہور ٹی وی ہوسٹ طارق متین نے بھی اس حوالے سے وی لاگ بنایا ہے جس میں انھوں نے ڈاکٹر جاثر سے متاثرہ جانور کا گوشت کھانے کے انسانوں پر اثرات کے حوالے سے بات کی ہے۔ ڈاکٹر صاحب کا کہنا ہے کہ یہ بیماری انسانوں کے لئے خطرناک نہیں لیکن جس گائے کو یہ وائرس لگ چکا ہے اس میں دودھ کی پیداوار کم ہوجاتی ہے البتہ یہ وائرس دودھ میں نہیں آتا لیکن بہتر یہی ہے کہ متاثرہ جانور کا گوشت وغیرہ استعمال نہ کیا جائے۔ علاج کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ یہ وائرل انفیکشن ہے اس لئے اسی طرح علاج کیا جائے جیسے کسی بھی انفیکشن کا کیا جاتا ہے لیکن اس کا اصل علاج ویکسین ہے
وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا
سماء ٹی وی کے مطابق یہ وائرس کراچی کے پچاس فیصد فارمز کو متاثر کرچکا ہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس کا نوٹس لے لیا ہے اور لائیو اسٹاک کی ٹیمز کو ڈیری فارمز سے ہر ہر ممکن تعاون کرنے اور جانوروں کو ویکسین لگانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔