ماہِ رمضان المبارک میں ہر کوئی اللہ کی رضا کے لیے غریبوں اور ناداروں کو ذکوۃ فطرہ دیتا ہے۔ ان کا خیال کرتا ہے۔ کوئی افطار بانٹتا ہے تو کوئی اپنے اطراف موجود غریبوں میں کچھ رقم بانٹ دیتا ہے۔ کچھ لوگ ضرورتمندوں کو عید کی شاپنگ کروا دیتے ہیں تاکہ اللہ بھی
اپنی
رحمتوں، نعمتوں اور برکتوں سے ان کو خوب نوازے۔ رمضان میں اکثر و بیشتر لوگ غریبوں کو افطار کرواتے ہیں تاکہ ان غریبوں کا بھی بھلا ہو۔
اداکار ریمبو اور ان کی بیگم صاحبہ اپنے گھر کے باہر یوں تو پورے رمضان ہی افطاری کرواتے ہیں۔ کبھی بازار سے کھانوں کی دیگیں منگوالیتے ہیں تو کبھی گھر میں بنا کر بانٹ دیتے ہیں۔ ریمبو نے اپنے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ رمضان کے پہلے جمعے کو ہم نے افطاری کروانی تھی، اس دن صاحبہ نے کہا کہ ہم بازار سے دیگ منگوا ہی لیتے ہیں اور روزانہ بازار سے آتی ہے، البتہ آج آپ خود اپنے ہاتھ سے دیگ بنائیں تاکہ کھانے والوں کو بھی مزہ آئے اور آپ کو اس کا اجر بھی ملے۔
ویڈیو میں ریمبو نے خود اپنے ہاتھ سے دیگ بنائی۔ پہلے پیاز کو براؤن کیا اور پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھون لیا، اس کے بعد دیگ میں کٹے ہوئے ٹماٹر، لال مرچ، کالی مرچ، نمک، ہلدی، دھنیا، بریانی مصالحہ، خُشک دھنیا وغیرہ ڈال کر اچھی طرح گریوی تیار کی اور پھر اس میں پانی ڈال کر کچھ دیر چھوڑ دیا۔ اس کے بعد دیگ میں بھیگے ہوئے چاول ڈال کر دم پر چڑھا دیا۔ 1 سے ڈیڑھ گھنٹے میں ان کی لاجواب بریانی کی دیگ بن گئی۔ مغرب کی آذان سے قبل انہوں نے اپنے گھر کے باہر غریبوں کو بٹھا کر افطاری کروائی۔