پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی افضل المعروف 'ریمبو' اور ان کی اہلیہ صاحبہ اپنے بیٹوں سمیت حال ہی میں ندا یاسر کے پروگرام میں بطور مہمان مدعو کیے گئے جس میں انہوں نے اپنی فیملی سے متعلق گفتگو کی۔
پروگرام میں انٹرویو کے دوران میزبان نے اداکار جوڑے سے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب لیے جن میں سے ایک سوال یہ تھا کہ آپ کے دو بیٹے ہیں کیا کبھی آپ کو بیٹی کی کمی محسوس ہوتی ہے؟
ریمبو نے بیٹی کی پیدائش سے متعلق اپنا نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بیٹی کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔ جب میں دوسرے اداکاروں، جیسے شان اور سعود کو ان کی اپنی بیٹیوں کے ساتھ دیکھتا ہوں، تو میں بیٹی کی کمی محسوس کرتا ہوں۔ وہ اپنی بیٹیوں سے بہت پیار کرتے ہیں۔
اب اِسی سوال کے جواب میں اداکارہ صاحبہ کا اظہار خیال مختلف تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے شروع سے ہی بیٹوں کی خواہش کی تھی۔ میں اللہ کی شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے بیٹی نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ایک لڑکی کو زندگی بھر بہت سے اُتار چڑھاؤ اور سمجھوتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صاحبہ نے کہا کہ بیٹیوں پر شروع سے ہی بہت دباؤ ڈالا جاتا ہے اور اسے اپنی من مانی نہیں کرنے دی جاتی۔ وہ اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق نہیں گزار سکتیں۔
صاحبہ نے مزید کہا کہ میری رائے میں لڑکے اپنی زندگی خود جینے کے لیے آزاد ہوتے ہیں۔
دیکھیئے ویڈیو۔