چوری اور ڈکیتی کی واردات کہیں بھی کسی بھی وقت پیش آسکتی ہے۔ شہر کراچی میں تو آئے روز عوام کے ساتھ ڈاکوؤں کی چھینا جھپٹی لگی ہی رہتی ہے ساتھ میں دیگر معروف شخصیات بھی ڈاکوؤں کے نشانے پر آتی رہتی ہیں اور اپنی مہنگی ترین اشیاء سے محروم ہوجاتی ہیں۔
آج ہم ان مشہور پاکستانی شخصیات کے بارے میں بات کریں گے جو اپنی کروڑوں کی قیمتی چیزوں سے محروم ہوئے۔
1- عامر خان
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے ساتھ گذشتہ روز لندن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب 2 ڈاکو ان کی کروڑوں کی گھڑی چھین کر فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق عامر خان ایسٹ لندن کے علاقے لیئٹن میں اپنی اہلیہ فریال کے ساتھ سڑک پار کر رہے تھے کہ اچانک 2 ڈاکو سامنے سے آگئے اور ان کے سر پر بندوق تان لی۔
عامر خان نے فوراً اپنی قیمتی گھڑی اُتار کر ڈاکوؤں کے حوالے کی تاکہ وہ نقصان نہ پہنچائیں۔
گھڑی کی قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً پونے 2 کروڑ روپے تھی، یہ گھڑی 19 قیراط روز گولڈ سے تیار گئی تھی جس پر 719 ہیرے جڑے ہوئے تھے۔
2- حرا مانی
پاکستانی شوبز کی باصلاحیت اداکارہ حرا مانی اپنے گھر کے باہر ڈاکوؤں سے لوٹ چکی ہیں۔ حرا مانی کو ان کے اپنے ہی گھر کے سامنے لوٹ لیا گیا تھا جس کی خبر سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی تھی۔
معاملہ کچھ یوں پیش آیا تھا کہ حرا مانی اپنی گاڑی میں بیٹھی تھیں اور ان کا ایک بیٹا گاڑی سے نکل کر گھر کے دروازے پر کھڑا ہوگیا تھا، جبکہ دوسرا بیٹا ابراہیم گاڑی سے نکلا ہی تھا کہ پیچھے سے 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکو آئے اور دونوں چور گاڑی سے حرا کا موبائل فون اور قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوجاتے ہیں۔
3- ندا یاسر
پاکستان کی مشہور میزبان و اداکارہ ندا یاسرایک بار ترکی گھومنے گئیں تب ان کی چیزیں چوری ہوگئی تھیں۔ ندا یاسر نے اپنے ہی پروگرام میں اس پورے واقعے کے بارے میں بتایا کہ ان کے قیمتی ہیرے کے زیورات استنبول میں واقع ایک ہوٹل کے کمرے سے چوری ہوگئے جہاں ہم ٹہرے ہوئے تھے۔
ندا یاسر نے بتایا تھا کہ ان کا پرس ہوٹل کے کمرے کی الماری میں موجود تھا لیکن روم سروس کرنے آنے والے کسی شخص نے ان کا وہ بیگ چرا لیا تھا جس میں ان کے لاکھوں کے قیمتی زیورات موجود تھے۔
4- جوہی چاولہ
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جوہی چاولہ کے ساتھ کوئی چوری یا ڈکیتی کا معاملہ پیش نہیں آیا تاہم ان کی 15 سال پُرانی ڈائمنڈ بالی کھوگئی تھی جس کے لیے انہوں نے مدد کی اپیل کی تھی۔
جوہی چاولہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام جاری کیا تھا کہ میں آج صبح ممبئی ائیرپورٹ پر تھی جہاں چیکنگ کے دوران میری ہیرے کی بالی کہیں گِرگئی۔ بھارتی اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی بھی میری وہ ڈائمنڈ بالی ڈھونڈنے میں مدد کرسکتا ہے تو براہِ کرم میری مدد کیجیے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی کو بھی میری بالی مل جاتی ہے تو فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دیں اور اس کے بدلے میں آپ کو انعام بھی دیا جائے گا۔
5- سونم کپور
بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا کے گھر آج سے ایک ہفتہ پہلے 2 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی چوری ہوئی جس کے الزام میں گھر کی نرس کو شوہر سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ معاملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔