آج کل پاکستان میں سیاسی پارہ بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ وہیں شوبز سیلیبریٹی بھی سیاست میں بڑھ چڑھ کر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ دنوں سے اداکارہ مشی خان اور ریحام خان کے درمیان لفظی گولا باری چل رہی ہے۔
کبھی مشی خان ریحام کو جواب دیتیں کبھی ریحام مشی کو جواب دیتیں۔ سوشل میڈیا پر دونوں خواتین شخصیات کے مابین لفظی جنگ کا یہ سلسلہ اُس وقت شروع ہوا جب ریحام خان نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سپورٹ کرنے والے اداکاروں کو کشمیر کے تناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا جس پر مشی خان انہیں جواب دیا تھا۔
مشی خان نے اپنی کچھ دنوں قبل جاری کی گئی ویڈیو میں ریحام خان کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ہمیشہ عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔ جس پر ریحام خان خاموش نہ رہ سکیں اور انہوں نے جواب دیا کہ کیا یہ عمران کی وہ دوست نہیں ہیں جن کو میں نے اپنی فلم جانان میں بطور پھپو کاسٹ کیا تھا؟
جس کے جواب میں ایک بار پھر مشی خان نے ویڈیو بنا کر انسٹاگرام پر شئیر کی اور ریحام خان پر واضح کیا ہے کہ وہ عمران خان کی فین ہیں لیکن دوست نہیں۔
مشی خان نے ریحام کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ دوسری بات یہ کہ میں عمران خان کی دوست نہیں ہوں،میں ان کی پرستار ہوں اور کرکٹ کے زمانے سے ہوں، اگر میں عمران خان کی دوست ہوتی تو بنی گالہ میں ہوتی اور آپ لندن میں ہوتیں، لہٰذا منفی باتیں پھیلا کر تنازعات نہ بنائیں۔