"ہم اپنی زندگی میں چھوٹی چھوٹی باتوں پہ شکایات کرتے ہیں۔ اِن پیارے اور ننھے پھولوں کو دیکھیں جنہیں کوئی سڑک پہ چھوڑ گیا"
یہ پیغام ہے معروف گلوکار علی ظفر کا جو پچھلے دنوں عیدی اور عید کی خوشیاں بانٹنے ایدھی سینٹر جا پہنچے۔ علی ظفر نے ایدھی سینٹر میں ہر عمر، طبقے اور نسل کے لوگوں میں عیدی تقسیم کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ علی اپنے پیغام میں مزید لکھتے ہیں کہ" یہ ایدھی صاحب کے بناے ہوے یتیم بچوں کے لئے گھروں میں پل رہے ہیں ۔ نہ انہوں نے ماں باپ کا پیار دیکھا نہ اپنوں کی شفقت۔ آئیں خود کو دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کریں اور ان فرشتوں کو یاد رکھیں جو سچے معنوں میں ہمارے پیار اور ہمدردی کے مستحق ہیں۔ تبدیلی یونہی آ سکتی ہے۔۔۔"
یتیم بچوں سے شفقت سے پیش آئے
بلاشبہ علی ظفر نے اپنے پیغام اور یتیم بچوں کی مدد کے عمل سے ایک حساس انسان ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح علی ظفر ایک بچی کو بلا رہے ہیں اور پھر اس کا حال دریافت کرتے ہوئے عیدی دے رہے ہیں۔
علی ظفر فاؤنڈیشن
واضح رہے کہ مشہور گلوکار" علی ظفر فاؤنڈیشن" کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بھی چلا رہے ہیں جس کا مقصد خواتین اور غریب بچوں کی بہبود اور معاشرے میں صفائی ستھرائی کے عمل کو فروغ دینا ہے۔