سولر نیٹ میٹرنگ صارفین پر نئی ریگولیشنز چند روز میں لاگو ہوسکتی ہیں، جبکہ نیپرا کی جانب سے نئی قواعد پر تجاویز دینے کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق، سولر نیٹ میٹرنگ صارفین نیشنل گرڈ پر 3 روپے 5 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں۔ دستاویز کے مطابق، ملک میں آف گرڈ صارفین 12,629 میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد 6,539 میگا واٹ کے برابر ہے۔
مزید برآں سولر نیٹ میٹرنگ کی وجہ سے پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
نئی ریگولیشنز کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خرید و فروخت کے لیے الگ الگ ٹیرف متعارف کرائے جائیں گے، اور کمپنی صارف سے نیشنل ایوریج انرجی پر مقررہ قیمت کے مطابق بجلی خریدے گی۔
ریگولیشنز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صارف کو موجودہ ٹیرف کے مطابق بجلی دی جائے گی اور کوئی بھی صارف اپنے لوڈ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ نیپرا کے پاس نیٹ میٹرنگ صارف کی پیداواری صلاحیت پر نظرثانی کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔
اس کے علاوہ، نئے قواعد کے مطابق صارفین کے لیے بجلی کی خرید و فروخت کے الگ الگ میٹرز ہوں گے، اور نیا نیٹ میٹرنگ صارف اپنی پیدا کی گئی بجلی کسی دوسرے صارف کو فروخت نہیں کر سکے گا۔ نئی ریگولیشنز صرف نئے نیٹ میٹرنگ صارفین پر لاگو ہوں گی۔