لاہور: وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کو خونی لانگ مارچ کے بیانات پر سخت وارننگ دیدی، بیان واپس نہ لینے پر گھر میں نظر بند کرنے کا انتباہ۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ خونی لانگ مارچ ہوگاتو میری بات کان کھول کر سن لواگر تم نے اپنا یہ بیان واپس نہ لیا اور معذرت نہ کی اور حکومت اور قوم کو لانگ مارچ پرامن ہونے کی یقین دہانی نہ کروائی تو میں تمہیں گھر سے نکلنے نہیں دونگا۔
انہوں نے شیخ رشید کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ تم مجھے جانتے نہیں ہو، یہ تمہاری چرب زبانی اور اس قسم کی گفتگو کرتے آرہے ہو لیکن اب ایسا ہرگز نہیں چلے گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے مقتدر اداروں سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے ملک میں فوری انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ حکومت کیخلاف پی ٹی آئی کا لانگ مارچ خونی لانگ مارچ ہوسکتا ہے جس پر رانا ثناء اللہ نے انہیں سخت وارننگ دیدی ہے۔