لندن میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے حامیوں میں جھڑپ، پولیس کی مداخلت اورن لیگ کے تشدد پرپی ٹی آئی خواتین سپورٹر بھڑک اٹھیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں پی ٹی آئی کی حامی خواتین شدید غصے میں دکھائی دیں، ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے لیکن ن لیگ والوں نے ہمیں مارنے کیلئے غنڈے بلوارکھے تھے۔
خواتین کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کیلئے آواز اٹھانا ہمارا حق ہے ،پاکستان میں ان لوگوں نے اندھیر نگری مچارکھی ہے لیکن یہ پاکستان نہیں لندن ہے یہاں غنڈہ گردی نہیں چلے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور لندن میں موجود پی ٹی آئی کے حامی مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے حامیوں کے احتجاج کے دوران مسلم لیگ ن کے حامی بھی موقع پر موجود تھے جس پر دونوں جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی اور ہاتھا پائی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں نظر آنیوالی خاتون اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر سوشل میڈیا پر اپنے جذباتی بیان کی وجہ سے کافی مشہور ہوچکی ہیں اور نئی ویڈیو میں تشدد کے حوالے سے اطلاعات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو بہت زیادہ شیئر کیا جارہا ہے۔