اسلام آباد :حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کیلئے تیاری شروع کردی جبکہ پیمرا نے عمران خان کا بیان دکھانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے ملک ٹوٹنے کے حوالے سے متنازع بیان کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت قانون نے ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے جس کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی جائے گی۔
بغاوت ثابت ہونے پر وفاقی کابینہ سے کارروائی کیلئے منظوری لی جائے گی اورمقدمہ درج ہونے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو فوری گرفتار کرلیا جائیگا۔
وزیر داخلہ سمیت وفاقی کابینہ کے اکثر ارکان نے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی پر وفاقی کابینہ کا اجلاس متوقع ہے جس کے بعد عمران خان کیخلاف کارروائی شروع کی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب پیمرا نے پاکستان کے تین ٹکڑے ہونے اور ایٹمی صلاحیت چھن جانے سے متعلق عمران خان کے بیان کو قومی سلامتی کے منافی قرار دے کر پروگرام دکھانے پر پابندی عائد کردی ہے۔