بھارت میں باپ کے کالے جادو نے تین سالہ بچی کی جان لے لی،باپ نے کاروبار میں بندشیں توڑ کیلئے تین سالہ بیٹی کو کالے جادو کے لیے استعمال کیا، بیٹی کے قتل کے الزام میں باپ کو گرفتار کر لیا گیا۔
آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے وینو گوپال نامی شخص نے خود پر آنے والی مشکلات اور کاروبار میں بندشوں کے توڑ کے لیے اپنی تین سالہ بیٹی کو کالے جادو کے لیے استعمال کیا۔
باپ نے کالے جادو کے عمل کے دوران بیٹی پر ہلدی کا پانی ڈالا اور منہ میں لال ہلدی بھر دی، باپ نے اپنے ہاتھوں سے خود بیٹی کا گلا بھی دبایا۔
آندھرا پردیش پولیس کے مطابق وینو گوپال کے گھر میں موجود اس کی دوسری بیٹی چھوٹی بہن کی حالت بگڑنے پر گھبرا گئی اور گھر سے باہر نکل کر شور مچانے لگی، ہمسایوں نے بچی کی جان بچانے کے لیے اسے اسپتال پہنچایا مگر تشویش ناک حالت ہونے کے سبب بچی دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق بچی کے منہ سے نکلنے والی لال ہلدی اور دم گھٹنے پر مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق وینوگوپال اینٹوں کی فروخت کا کاروبار کرتا ہے، کاروبار میں نقصان ہونے کی صورت میں اس نے کالے جادو کا سہارا لیا تھا، وینوگوپال کے خلاف دفعہ302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔