"جب میں پیدا ہوا تھا تب سلیم ماموں مجھے دیکھنے آئے تھے اور آج میری دوسری بیٹی پیدا ہوئی ہے سلیم ماموں اسے بھی دیکھنے آئے ہیں۔ ہمارے خاندان میں سب لوگ ایک دوسرے سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں"
یہ کہنا ہے اداکار شہروز سبزواری کا جو حال ہی میں ایک پیاری سی بیٹی کے والد بنے ہیں۔ شہروز سبزواری خود تو اداکار ہیں ہی اس کے علاوہ مشہور اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے بھی ہیں۔ ان کے ماموں سلیم شیخ بھی پاکستانی فلموں کے ہیرو کے طور پر اداکاری کرتے رہے ہیں۔ بھانجے کی دوسری بیٹی کی پیدائش کی خوشی میں سلیم شیخ بھی نواسی دیکھنے جا پہنچے اور وی لاگ بھی بنا ڈالا۔ آئیے اپنے قارئین کو بتاتے ہیں کہ جب سلیم شیخ بچی دیکھنے گئے تو وہاں کیا کیا ہوا۔
مختلف مٹھائیوں سے خاطر تواضع
سلیم شیخ جب بچی کو دیکھنے اسپتال پہنچے تو دروازہ شہروز نے کھولا اور کاجو اور مختلف قسم کی مٹھائیوں سے خاطر تواضع کی۔ سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی کی مٹھائیاں بہت لذیذ ہوتی ہیں اور انھیں بہت پسند ہیں۔
بچی دادی کی گود میں سوتی رہی
تھوڑی دیر میں شہروز اپنی ننھی بیٹی زہرہ کو ماموں سے ملوانے لے آئے جسے ان کی دادی نے گود میں لیا ہوا تھا۔ جب سلیم شیخ نے زہرہ سے بات کرنے کی کوشش لی تو یوں محسوس ہوا جیسے وہ بات سمجھ رہی ہے۔ بچی تھوڑی دیر آنکھیں کھولنے کے بعد دادی کی گود میں سوگئی۔
بڑی بیٹی کا تحفہ
اسی دوران شہروز کی بڑی بیٹی نوریح بھی کمرے میں آئیں جنھوں نے چھوٹی بہن کو ایک پیارا سا اسٹفڈ ٹوائے دیا۔ شہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ اسپتال میں ہیں جہاں زیادہ لوگوں کے داخلے کی ممانعت ہے لیکن جب وہ گھر جائیں گے تب سب خاندان والوں کو ضرور دعوت دیں گے۔