فوج میں کون محب وطن نہیں؟ ۔۔ عمران خان کے بیان پر فوج میں شدید غم و غصہ ہے، آئی ایس پی آر

image

راولپنڈی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے فیصل آباد جلسے میں عسکری قیادت کے حوالے سے بیان پر پاک فوج میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی سینئر قیادت کی اہلیت اور حب الوطنی دہائیوں پر محیط بے داغ، شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے، کیا کوئی یہ کہہ سکتا ہے افواجِ پاکستان میں کوئی محب وطن نہیں ہوگا؟۔

آرمی چیف کے انتخاب کے عمل کو متنازع بنانا ریاست پاکستان اور ادارے کے مفاد میں نہیں، نازک وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا فیصل آباد کے جلسے میں کہنا تھا کہ نواز شریف اورآصف زرداری الیکشن سے اس لیے بھاگ رہے ہیں کہ یہ نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے الزام لگایا کہ آصف زرداری اور نوازشریف کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں جو ان کے حق میں بہتر ہو، یہ ڈرتے ہیں کہ تگڑااورمحب وطن آرمی چیف آگیا تو وہ ان سے پوچھے گا کیوں کہ انہوں نے پیسہ چوری کیا ہوا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US