پاکستان کی پہلی رورو شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں

image

پاکستان کی بحری تجارت میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار رورو شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں۔

ایم وی گرینڈے شنگھائی نامی رورو جہاز کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایل ٹرمینل پر لنگرانداز ہوا، جہاں گاڑیوں کی براہِ راست لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل شروع کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ رورو جہاز کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری تجارت کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رورو ای وی شپمنٹ جدید اور عالمی معیار کی شپنگ خدمات کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رورو جہازوں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں گاڑیاں براہ راست چل کر جہاز پر سوار اور اترتی ہیں جس سے لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل تیز، محفوظ اور مؤثر ہو جاتا ہے۔

وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت کراچی پورٹ کو جدید عالمی بندرگاہوں کی صف میں شامل کرنے اور پاکستان میں بحری تجارت کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US