قبرستان ایک ایسی جگہ ہے جہاں انسان جاتے ہوئے ڈرتا بھی ہے، خوف بھی کھاتا ہے اور اپنے پیاروں کو بھی یاد کرتا ہے۔ بڑی راتوں میں تو اکثر لوگ فاتحہ خوانی کے لئے بھی جاتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ہر نفس کو موت کا ذائقہ تو چکھنا ہی ہے۔
جب قبرستان میں کسی پیارے کی قبر کے لئے جگہ لینے اور قبر کی کھدائی کروانے جائیں تو یہ تمام تر خرچے 20 سے 40 ہزار روپے میں پورے ہوتے ہیں مگر ملک میں ایک ایسا بھی قبرستان موجود ہے جہاں امری ہو یا غریب ہر کسی کے لئے کفن اور دفن کا تمام تر انتظامات بالکل فری ہیں۔ بس قبرستان جانے سے پہلے ایک مرتبہ کال کرکے بتادیں کہ آپ کو قبر چاہیے وہاں پہلے سے ہی بنی بنائی قبریں موجود ہوتی ہیں۔
یہ قبرستان لاہور میں موجود ہے جس کو خضر حیات نامی شخص نے بنایا ہے۔ ان کے پاس 3 مسجدیں موجود ہیں جو ان کی اپنی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے 10 سے 12 کروڑ روپے کی زمین خریدی جہاں انہوں نے بالکل فری قبرستان بنایا۔ یہ گورکھن کو بھی خود اپنی جیب سے پیسے دیتے ہیں۔
قبرستان کی خاص بات کیا ہے؟
٭ اس قبرستان کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہر قبر بالکل ایک برابر ہے۔ بچوں کی قبریں ایک ساتھ ایک ہی طرح سے بنی ہوئی ہیں اور بالکل اسی طرح بڑوں کی بھی ایک ہی طرز ہی ایک ہی ڈیزائن کی ہیں، کسی بھی قبر پر کوئی جھنڈا لگا ہے نہ کوئی بڑا سا کتبہ ۔۔ امیر اور غریب کی قبر بالکل یکساں ہے۔
٭ یہاں رات کے وقت لوگوں کا داخلہ ممنوع ہے اور خاص طور پر مشکوک لوگوں کا جو شیطانی فعل کی غرض سے آتے ہیں۔ یہاں ہر قبر پر ایک نمبر کی تختی موجود ہے جس سے قبر کی شناخت آسان ہو جاتی ہے۔
٭ اگر کوئی اپنے پیارے کی قبر پر پانی ڈالنا چاہے تو زمین میں پانی کے نل موجود ہیں جہاں سے مگ بھر کر آپ قبر پر پانی ڈال سکتے ہیں۔
٭ ایک قبر کا دوسری قبر سے فاصلہ برابر ہے۔ پورے قبرستان میں میٹھے پل دار درخت بھی موجود ہیں اور مالک خود قبرستان کی صاف صفائی کرتا ہے۔