یہ راستہ ایران کو اینچہ برون سرحد کے ذریعے وسطی ایشیا، روس اور چین کے ریلوے نیٹ ورک سے جوڑتا ہے۔ لیکن یہ راہداری ایران کی معیشت کے لیے کتنی اہم ہے اور اس میں رکاوٹ پیدا ہونے کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں؟

ایران کے گلستان صوبے میں واقع آقتکہ خان ریلوے پل پر امریکی حملے نے ایران کے اہم ترین ٹرانزٹ راستوں میں سے ایک کی جانب توجہ مبذول کروا دی ہے۔
یہ راستہ ایران کو اینچہ برون سرحد کے ذریعے وسطی ایشیا، روس اور چین کے ریلوے نیٹ ورک سے جوڑتا ہے۔ لیکن یہ راہداری ایران کی معیشت کے لیے کتنی اہم ہے اور اس میں رکاوٹ پیدا ہونے کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں؟
گلستان صوبے کے سپاہ نینوا نے ایک بیان میں کہا کہ آقتکہ خان پل کو امریکی کروز میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق، کم از کم سات میزائل دریائے گورگن پر قائم اس ریلوے پل سے ٹکرائے۔
ایرانی حکام نے انسانی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں دی، لیکن علاقے کے ریلوے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی خبر دی ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی ایران کے ریلوے راستے گذشتہ چند برسوں کے دوران ملک کی تجارت اور ٹرانزٹ کی اہم شاہ رگوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
یہ راستہ روس، چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ایران کے اقتصادی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس راستے نے اقتصادی پابندیوں کے اثرات کم کرنے میں مدد دی ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایران کے ریلوے بنیادی ڈھانچے کو امریکی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہو۔
رواں سال فروری میں، ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے دوران، تہران، البرز، قم، اصفہان، زنجان اور مشرقی آذربائیجان صوبوں میں کم از کم چھ ریلوے پلوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم آقتکہ خان پل پر حملہ اپریل 2026 کی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ایران کے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والا پہلا حملہ شمار ہوتا ہے۔
امریکی حکام نے آقتکہ خان پل کا براہِ راست ذکر کیے بغیر کہا کہ اس روز ایران کے متعدد ’لاجسٹک اور امدادی بنیادی ڈھانچوں‘ کو نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے کے ساتھ ہی خراسان رضوی صوبے میں تربت ریلوے سٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں مشہد جانے والا ریلوے راستہ بند ہو گیا۔
شمالی ایران میں ریلوے روٹ کی کیا اہمیت ہے؟

آقتکہ خان پل گورگان اینچہ برون ریلوے لائن پر واقع ہے۔ یہ ریلوے لائن سرحدی سٹیشن اینچہ برون کو ایران کے قومی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑتی ہے۔ اس راستے کے ذریعے ایران کا ریلوے نظام ترکمانستان، قازقستان، روس، چین اور وسطی ایشیا کے دیگر ممالک سے منسلک ہوتا ہے۔
اسی وجہ سے آقتکہ خان صرف ایک مقامی پل نہیں بلکہ ایران کے شمال اور مشرقی یوریشیا سے رابطے کے اہم ترین راستوں میں سے ایک کا حصہ ہے۔
نقل و حمل اور جغرافیائی سیاست کے ماہرین کے مطابق، اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ کا بہاؤ متاثر ہو سکتا ہے۔
اینچہ برون سرحدی سٹیشن بھی گذشتہ برسوں کے دوران ایران کی ریلوے تجارت کے اہم ترین داخلی راستوں میں سے ایک بن چکا ہے۔ اینچہ برون آزاد تجارتی علاقے کی ترقی، مال برداری ٹرمینلز کی گنجائش میں اضافہ اور لاجسٹک بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری نے ایران کی سرحدی معیشت میں اس علاقے کی اہمیت بڑھا دی ہے۔
ایران – ترکمانستان – قازقستان بین الاقوامی ریلوے، جو اینچہ برون سے گزرتی ہے، خطے کے اہم ترین نقل و حمل کے منصوبوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ ریلوے لائن وسطی ایشیائی ممالک کو طویل سمندری راستوں کی ضرورت کے بغیر خلیج فارس اور آزاد سمندری پانیوں تک رسائی فراہم کرتی ہے۔
بین الاقوامی حلقوں میں آقتکہ خان کا کردار
اس پل کی اہمیت کو دو اہم بین الاقوامی راستوں کے تناظر میں سمجھنا چاہیے۔
پہلا، چین کا ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبہ ہے، جس نے مشرقی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ کے درمیان زمینی اور سمندری راستوں کا ایک نیٹ ورک قائم کیا ہے۔
اس نیٹ ورک کی ایک شاخ چین سے شروع ہوتی ہے اور قازقستان اور ترکمانستان سے گزرتے ہوئے اینچہ برون سرحد کے راستے ایران میں داخل ہوتی ہے۔
دوسرا، بین الاقوامی شمال–جنوب نقل و حمل راہداری ہے، جسے انڈیا، ایران، روس اور وسطی ایشیائی ممالک کو آپس میں جوڑنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد بحرِ ہند، روس اور یورپ کے درمیان سامان کی ترسیل کے وقت اور لاگت کو کم کرنا ہے۔
آقتکہ خان پل ان راستوں کی مشرقی شاخ پر واقع ہے، اس لیے اسے پہنچنے والا کوئی بھی نقصان علاقائی نقل و حمل کے نیٹ ورک کے ایک حصے کو متاثر کر سکتا ہے۔ تاہم اس اثر کی شدت کا انحصار رکاوٹ کے دورانیے اور راستے کی بحالی کی رفتار پر ہوگا۔
ایرانی ریلوے حکام کے مطابق، گذشتہ سال کم از کم 65 مال بردار ٹرینیں چین سے ایران پہنچیں۔
خلیج فارس میں سمندری کشیدگی میں اضافے اور سمندری راستوں کے غیر محفوظ ہونے کے بعد ایران اور چین کے درمیان مال بردار ٹرینوں کی تعداد تقریباً تین گنا بڑھ گئی ہے۔ یہاں تک کہ بعض اوقات ہر تین سے چار دن بعد چین سے ایک کنٹینر بردار ٹرین ایران پہنچتی رہی ہے۔
روس نے بھی گذشتہ چند برسوں میں اس راستے کا استعمال بڑھایا ہے۔ 2015 میں روس کی پہلی مال بردار ٹرین ترکمانستان اور اینچہ برون سرحد کے ذریعے ایران میں داخل ہوئی اور جنوبی تہران میں واقع آپرین ڈرائی پورٹ پر اپنا سامان اتارا۔ دونوں ممالک کے حکام نے اس واقعے کو علاقائی ریلوے راہداریوں کی ترقی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔
ایران، قازقستان اور ترکمانستان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وسطی ایشیا سے اناج اور دیگر اشیا کی برآمدات اس راستے کے ذریعے بندرعباس اور عالمی منڈیوں تک مزید بڑھائی جائیں گی۔

پٹرول سے سیرامکس تک تجارت کا ایک اہم راستہ
گورگان-اینچہ برون ریلوے صرف ایک ٹرانزٹ راستہ نہیں بلکہ ایران کی وسطی ایشیا، روس اور چین کے ساتھ زمینی تجارت کے اہم ترین راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
ایران اس راستے کے ذریعے پیٹروکیمیکل مصنوعات، فولاد، سیمنٹ، تعمیراتی سامان، ٹائلیں اور سیرامکس، اور اپنی بعض زرعی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔ ان اشیا کی ریلوے کے ذریعے نقل و حمل زیادہ مقدار اور کم لاگت کی وجہ سے برآمد کنندگان کے لیے زیادہ اقتصادی فائدہ رکھتی ہے۔
دوسری جانب، اس راہداری کے ذریعے ایران کی درآمدات کا ایک اہم حصہ اناج، گندم، جو، مکئی، کپاس، مویشیوں کی خوراک، کیمیائی کھادیں، اور خوراک و زراعت کی صنعتوں کے لیے خام مال پر مشتمل ہے۔ روس اور قازقستان ایرانی منڈی کے لیے ان اشیا کے اہم فراہم کنندگان میں شمار ہوتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں ایران اور چین کے درمیان تجارت کے پھیلاؤ کے ساتھ اس راستے میں کنٹینر نقل و حمل کا حصہ بھی بڑھا ہے۔ صنعتی مشینری، پیداواری آلات، صنعتی پرزہ جات، بعض استعمالی اشیا اور کارخانوں کے لیے خام مال ان اشیا میں شامل ہیں جو اس ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے ایران میں درآمد کی جاتی ہیں۔
اسی دوران یہ راہداری روس، وسطی ایشیا، چین اور ایران کی جنوبی بندرگاہوں کے درمیان سامان کی ترسیل کے ایک اہم راستے میں بھی تبدیل ہو چکی ہے، اور اس سے گزرنے والے سامان کا ایک حصہ خلیج فارس کے ممالک اور انڈیا کی منڈیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔
کیا اس راستے نے پابندیوں کے اثرات کو کم کرنے میں کوئی کردار ادا کیا ہے؟
حالیہ برسوں میں ایران کے خلاف بڑھتی ہوئی اقتصادی پابندیوں اور روس پر عائد وسیع تر پابندیوں کے ساتھ اس راستے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
بہت سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شمالی ایران کے زمینی اور ریلوے راستوں نے ملک کے تجارتی راستوں میں تنوع پیدا کرنے میں مدد دی ہے اور ایران کی بیرونی تجارت کا سمندری راستوں پر انحصار کسی حد تک کم کیا ہے۔
ایرانی حکام بھی بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ شمال–جنوب اور مشرق–مغرب ریلوے راہداریوں کی ترقی ہمسایہ اور ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کی قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
دوسری جانب ناقدین یاد دلاتے ہیں کہ پابندیوں کے اثرات کم کرنے میں ان راہداریوں کا کردار اپنی مخصوص حدود رکھتا ہے اور یہ بینکاری اور مالیاتی پابندیوں سے پیدا ہونے والے تمام مسائل حل نہیں کر سکتیں۔
بہت سے ماہرین کے مطابق، اینچہ۔برون کا راستہ حالیہ برسوں میں ایران کی علاقائی تجارت کی اہم ترین گزرگاہوں میں سے ایک بن چکا ہے اور روس، چین اور وسطی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارتی تبادلوں میں اس کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے لکھا کہ امریکی بحری محاصرے کے دوران ایران نے اپنی معیشت پر دباؤ کم کرنے کے لیے ریلوے راستے کا استعمال کیا، اور اس راہداری نے ایران کو استعمالی اشیا، صنعتی مواد، غذائی مصنوعات، الیکٹرانک سامان اور مشینری درآمد کرنے میں مدد دی، جبکہ دوسری جانب غیر تیل برآمدات کو بھی ممکن بنایا۔
ارنا کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی بحری ناکہ بندی کے دوران اپنی معیشت پر دباؤ کم کرنے کے لیے شمالی ریل کوریڈور کا استعمال کیاایران کی معیشت پر اس حملے کا اثر
ایران کی ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ حملے کے فوراً بعد متاثرہ حصوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔
ریلوے کے سربراہ کے مطابق فنی ٹیمیں موقع پر تعینات کر دی گئی ہیں اور متاثرہ ریلوے لائنوں کا ایک حصہ مختصر وقت میں دوبارہ استعمال کے قابل بنا دیا گیا ہے۔
مختصر مدت میں اس راستے کا کچھ مال سڑکوں، بحیرۂ کیسپین کی بندرگاہوں، سرخس ریلوے راستے یا سڑک اور ریل کے مشترکہ نظام کے ذریعے منتقل کیا جا سکتا ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ گنجائش، لاگت اور رفتار کے لحاظ سے ان میں سے کوئی بھی متبادل گورگان–اینچہ برون راستے کی مکمل جگہ نہیں لے سکتا۔
اگر بحالی کا کام منصوبے کے مطابق جاری رہا تو اس راستے میں آپریشنل رکاوٹ غالباً عارضی ہوگی۔ لیکن جسمانی نقصان سے ہٹ کر بعض تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اس واقعے کی اصل اہمیت اس کے معاشی اور نفسیاتی اثرات میں پوشیدہ ہے، کیونکہ ٹرانزٹ راستوں کی سلامتی اور استحکام بین الاقوامی کمپنیوں اور تجارتی شراکت داروں کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماضی کی بحالی کی سرگرمیوں کا تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران کا ریلوے نیٹ ورک متاثرہ بنیادی ڈھانچے کو نسبتاً تیزی سے بحال کرنے کی اچھی صلاحیت رکھتا ہے۔
بہرحال، آقتکہ خان پل پر حملہ صرف تعمیرات یا نقل و حمل سے متعلق ایک واقعہ نہیں ہے، بلکہ ایسا واقعہ ہے جس کے معاشی، تجارتی اور جغرافیائی سیاسی پہلو گلستان صوبے کی حدود سے آگے، بلکہ ایران کی سرحدوں سے باہر بھی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔