دنیا کے بے شمار مذاہب میں مرنے والوں کی آخری رسومات الگ الگ طریقے سے ادا کی جاتی ہیں۔ کچھ مذاہب میں مرنے والوں کو زمین میں دفن کردیا جاتا ہے کہیں مرنے والوں کو آگ میں جلادیا جاتا ہے اور کہیں لوگ اپنے پیاروں کے مرنے کے بعد ان کی لاشیں کھلی جگہ پر چھوڑ دیتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ملک میں لے جارہے ہیں جہاں لوگ مردوں کو ہوا میں لٹکا دیتے ہیں۔
دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین کے صوبہ گوئژو میں مرنے والوں کو ایک چٹان پر لٹکادیا جاتا ہے، سیکڑوں سال سے جاری اس عجیب و غریب روایت کو پورا کرنے کیلئے گوئژو کی ایک غار میں تقریباً 30 میٹر یا 100 فٹ اونچی ایک چونے کی چٹان پر مردوں کو باکس میں رکھ کر لٹکایا جاتا ہے۔
اونچائی پر ہونے کی وجہ سے یہ تابوت زمین سے کم ہی نظر آتے ہیں، کہا جاتا ہے کہ یہ رسم تقریباً 3 ہزار سال پرانی ہے لیکن اس کی شروعات کیسے ہوئی اس بارے میں کوئی نہیں جانتا۔ چین کی قدیم دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ لوگوں نے زمین کو کھیتی باڑی کیلئے آزاد رکھنے اور لاشوں کو جانوروں کا شکار بننے سے بچانے کیلئے تابوت میں ڈال کر چٹانوں پر لٹکانے کا آغاز کیا۔
چند سال قبل ہونے والی ایک تحقیق میں چین کے صوبہ ہوبی میں 130 سے زیادہ لٹکے ہوئے تابوت ملے تھے جو 50 میٹر چوڑی اور 100 میٹر اونچی چٹانوں پر بنے غاروں میں رکھے گئے تھے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اتنی اونچائی پر آخر ان تابوتوں کو لے جایا کیسے جاتا تھا۔
تحقیق کے دوران برسوں پہلے مرنے والے لوگوں کی ہڈیاں اور دیگر باقیات بھی دریافت ہوئیں اور محققین کا ماننا ہے کہ شائد پہلے مردوں کو باندھ کر فضاء میں لٹکا دیا جاتا تھا اور لاش کے گلنے سڑنے کے بعد ہڈیاں جمع کرکے باکس میں رکھ دی جاتی ہونگی کیونکہ کافی وزنی باکس کو میت کے ساتھ چٹان پر لے کر جانا ناممکن ہے۔
کچھ محققین یہ بھی کہتے ہیں کہ شائد مرنے والوں کو ان تابوتوں میں رکھ کر رسی کی مدد سے اوپر کھینچا گیا ہوگا جیسا کہ آج بھی کئی مذاہب کے لوگ مختلف ممالک میں مرنے والوں کو اونچے مقام پر کھلی فضاء میں چھو ڑ دیتے ہیں تاکہ جانور ان لاشوں کو کھا لیں۔
چین میں موجود اس پراسرار قبرستان سے کچھ چیزیں چوری ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جس کے بعد چینی حکومت نے اس تاریخی مقام کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔
لاتعداد محققین چین کے ان پراسرار قبرستانوں کا کھوج لگانے اور اس روایت کی گہرائی تک پہنچنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کرچکے ہیں لیکن ہوا میں لٹکتے مردوں کے ساتھ ساتھ اس پراسرار قبرستان کا راز بھی آج تک ہوا میں معلق ہے۔