دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ، پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس کی لمبائی اسکی خوبصورتی ہر لحاظ سے یہ لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچتی ہے۔
آج دبئی کے شیخ، شیخ حمدان بن محمد کی جانب سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر کی گئی، جو منٹوں میں ہی وائرل ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں لائکس اور شئیرز آنا شروع ہوگئے۔ آخر اس ویڈیو میں ایسا کیا تھا؟
تو آئیے آپ کو بتاتے ہیں
دبئی میڈیا کے مطابق، 28 دسمبر بروز منگل کو متحدہ عرب امارات میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ایسے میں دبئی کے رہائشی برساتی صبح اور پانی سے بھری سڑکوں کے ساتھ بیدار ہوئے اور ساتھ ہی سوشل میڈیا بھی متحدہ عرب امارات کے بھیگے شہروں کے قدرتی مناظر سے بھر گیا۔
لیکن اس دوران شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی ایک ویڈیو نے خاص دلچسپی حاصل کی، اسکی وجہ ان کا ولی عہد ہونا نہیں بلکہ ان کی طرف سے شئیر کی گئی ویڈیو کا اینیمیٹڈ ہونا تھا۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انھوں نے یہ ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ، "یہ سال کا وہ وقت ہے جب برج خلیفہ بھی چھتری تھام لیتا ہے" ساتھ ہی انھوں نے "دبئی ڈیسٹینیشن" کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق، پوسٹ شئیر کرنے کے تقریباً 2 گھنٹوں بعد ہی اس ویڈیو کو 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد لائکس مل گئے تھے کیوںکہ اس منظر نے وہاں کے رہائشیوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے دل جیت لیے، یہی وجہ ہے کہ کمنٹس سیکشن صارفین کے ریڈ ہارٹ ایموجی سے بھرا ہوا ہے۔