پاک بھارت جنگ میں نے رکوائی، ڈیووس میں عالمی امور پر ٹرمپ کا بیان

image

ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی جھڑپ کے دوران جنگ رکوائی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب تک دنیا میں 8 جنگیں ختم کرا چکے ہیں۔

امریکی صدر نے نیٹو ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے دفاعی نظام کو مضبوط بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نیٹو کو بہت کچھ دیتا ہے لیکن بدلے میں کم حاصل کرتا ہے، تاہم امریکا کو نیٹو کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یورپ اور برطانیہ کو بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے بنائے ہیں اور کوئلے کے استعمال کے باوجود کامیابی سے چل رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا یورپ کے ساتھ تہذیبی روابط پر گہرا یقین رکھتا ہے اور یورپی عوام کے بارے میں سنجیدگی سے فکر مند ہے۔

گرین لینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد گرین لینڈ کو خالی نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ ایک انتہائی اہم جغرافیائی مقام پر واقع ہے، جہاں روس اور چین بھی قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے اور امریکا کی قومی دفاعی حکمت عملی کے لیے ڈنمارک کا کردار اہم ہے۔ ٹرمپ کے مطابق گرین لینڈ کا دفاع صرف امریکا ہی کر سکتا ہے اور یہ امریکی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ انہیں گرین لینڈ اور ڈنمارک دونوں کے لیے بے حد احترام ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US