مقبوضہ کشمیر میں پروفائلنگ مساجد پر کنٹرول کی بھارتی کوشش ہے، الجزیرہ

image

بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں حکام نے مساجد، مذہبی رہنماؤں اور مدارس کی جبری پروفائلنگ شروع کردی ہے جس سے متنازعہ علاقے میں نگرانی اور کنٹرول کی نئی شکلوں پر رہائشیوں اور علما میں تشویش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ بات الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے رواں ماہ کے آغاز میں سری نگر میں آئمہ کو چار صفحات پر مشتمل مساجد کی پروفائلنگ فارم تقسیم کرنا شروع کیا۔ فارم میں مساجد کے بارے میں وسیع تفصیلات طلب کی گئی ہیں جس میں ان کی نظریاتی وابستگی، فنڈنگ کے ذرائع، ماہانہ اخراجات، زمین کی ملکیت وغیرہ کے علاوہ آئمہ، مؤذن کے بارے میں ذاتی معلومات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں موبائل نمبر، ای میل، بینک اکاؤنٹس، پاسپورٹ، سوشل میڈیا اکاؤنٹس، بیرون ملک رشتہ دار اور یہاں تک کہ ان کے فون کا ماڈل بھی پوچھا گیا ہے۔

کشمیریوں نے اس مشق کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے مذہبی اداروں پر کنٹرول جمانے کی بھارتی کوشش قرار دیا ہے۔

سرینگر کے ایک رہائشی محمد نواز خان نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ فارم خوف اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی معلومات کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔

سینئر علما اور مذہبی اداروں نے بھی پروفائلنگ کے عمل کی مذمت کی ہے۔ مختلف دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس علما (ایم ایم یو) نے اسے مساجد کو کنٹرول کرنے اور مسلم کمیونٹی کو کمزور کرنے کی براہ راست کوشش قرار دیا ہے۔

سرینگر لال بازار کے ایک امام میر حافظ ناصر نے کہا کہ حساس معلومات کے لیے بار بار کی جانے والی درخواستیں، بشمول کشمیر سے باہر رہنے والے خاندان کے افراد کی تفصیلات انتہائی تشویشناک اور حق رازداری کی خلاف ورزی ہے۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پروفائلنگ کو امتیازی قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ہندو مندروں، سکھ گوردواروں یا گرجا گھروں کے حوالے سے بھی اس طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی نئی دہلی کی مسلط کردہ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ علاقے کی ایک منتخب کردہ کی رضامندی کے بغیر کی جانے والی مشق کو روک دے۔

الجزیرہ نے کہا کہ یہ پروفائلنگ 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد کی جا رہی ہے۔ بھارت نے علاقے پر اپنا براہ راست کنٹرول بڑھایا ہے، مذہبی آزادیوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں، سرینگر کی مرکزی جامع مسجد سیل کرکے جمعہ اور عید کی نمازیں ادا نہیں کرنے دی جاتیں۔

ایک سیاسی تجزیہ کار نے الجزیرہ کو بتایا کہ حکام عبادت گاہوں کو نگرانی کے مقامات میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US