مسجد نبوی ﷺ کی زیارت ہر مسلمان کا خواب ہوتا ہے اور یہاں آکر اکثر مسلمان اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے اور زار و قطار روتے بھی نظر آتے ہیں۔
مسجد نبوی ﷺ سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں قائم اسلام کا دوسرا مقدس ترین مقام ہے، آپﷺ نے اپنے ہاتھ سے اس مسجد کی تعمیر شروع کی جبکہ کئی مسلم حکمرانوں نے اس میں توسیع اور تزئین و آرائش کا کام کیا۔
گنبد خضراء کو مسجد نبوی میں امتیازی خصوصیت حاصل ہے جس کے نیچے محمدﷺ، حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر فاروق کے روضہ مبارک ہیں۔ یہ مقام دراصل ام المومنین حضرت عائشہ کا حجرہ مبارک تھا۔ ریاست مدینہ میں مسجد نبوی کی حیثیت مسلمانوں کے لیے عبادت گاہ، کمیونٹی سینٹر، عدالت اور مدرسے کی تھی۔
مسجد کے درمیان میں عمارت کا اہم ترین حصہ محمدﷺ کا مزار واقع ہے جہاں ہر وقت زائرین کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ یہاں مانگی جانے والی ہر دعا قبول ہوتی ہے۔ خصوصاً حج کے موقع پر رش کے باعث اس مقام پر داخلہ انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔ اسی مقام پر منبر رسول بھی ہے۔
اس ویڈیو میں ایک چھوٹی سی بچی مسجد نبوی ﷺ کے صحن میں پرجوش نعرے لگاتی اور روتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
سوشل میڈیا پر اکثر بچوں کے والدین کے ہمراہ دوران حج و عمرہ اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کی ویڈیوز منظر عام پر آتی ہیں جنہیں لوگ بیحد پسند کرتے ہیں اور اس بچی کی ویڈیو کو بھی اہل اسلام نے بہت پسند کیا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو خوب وائرل ہورہی ہے۔