سعودی عرب میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے دوران مکہ میں بوڑھے باپ کو کندھوں پر اٹھاکر محفوظ مقام پر لے جانے والا نوجوان سوشل میڈیا پر ہیرو بن گیا۔
سعودی عرب میں موسلا دھار بارشوں کے باعث مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دارالحکومت ریاض سمیت بعض دیگر علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہونے کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔
شہری دفاع کے اہلکارگھروں میں محصور مکینوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ جگہ منتقل کررہے ہیں، مدینہ منورہ کی ایک وادی میں سیلاب میں پھنسے ہوئے دو شہریوں کو ہیلی کاپٹر سے بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا جبکہ مکہ میں اپنے بوڑھے باپ کو کندھے پر اٹھاکر محفوظ جگہ لے کر جانے والا نوجوان تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ہیرو بن گیا ہے۔
مسلسل بارش کے باعث مکہ مکرمہ کے پہاڑ، وادیاں اور گھاٹیاں سرسبز اور شاداب ہو گئی ہیں۔ پہاڑوں اور صحرائی علاقے میں حد نگاہ ہریالی نظر آ رہی ہے۔مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجن میں گزشتہ کئی دنوں کی بارش کے بعد پہاڑی علاقوں اور صحراؤں میں سبزہ زار میدان کا نقشہ پیش کررہاہے
پہاڑی سے بارش کے بہنے والاپانی آبشار کا منظر پیش کررہا ہے، منیʼ،مزدلفہ، اللیث، نجران، جیزان، طائف اوردیگر علاقے جہاں خشکی ہواکرتی تھی، وہاں گھاس اگ آئی ہے، خوشگوار موسم اور ہریالی کے باعث کیمپنگ کے شوقین افراد کی بڑی تعداد پہاڑی علاقے کا رخ کر رہے ہیں۔