"چلیں بھئی آج آپ کا پہلا روزہ ہے اس لئے آپ کی امی نے خاص سحری کا انتظام کیا ہے۔ آپ کو دودھ جلیبی کھلائی جائے گی۔ اب جلدی سے اٹھ جائیں"
یہ کہہ کر ابو نے احمد کو نیند سے جگایا۔ ننھے احمد میاں بھی سحری اور پہلے روزے کی خوشی میں فوراً اٹھ گئے۔ ورنہ کہاں یہی احمد تھے کے اسکول کے نام پر ان کی آنکھ ہی نہیں کھلتی تھی۔
خیر احمد دسترخوان پر پہنچے جہاں تمام گھر والے پہلے ہی موجود تھے۔ آج کے خصوصی مہمان احمد تھے کیونکہ 8 برس کی عمر میں ان کا پہلا روزہ تھا۔ امی نے احمد کو خوب پیار دلار سے سحری کھلائی۔ پھپھو نے انھیں دہی بھی کھلائی تاکہ دن بھر پیاس کا احساس نہ ہو۔ پھر سحری کی دعا پڑھ کر احمد اپنے ابو اور بھائی کے ہمراہ فجر کی نماز ادا کرنے چل دیے اور یوں ان کا پہلا روزہ رکھوایا گیا۔
یقیناً آپ کو بھی آج احمد کے پہلے روزے سے اپنی روزہ کشائی ضرور یاد آئی ہوگی۔ جب آپ کی امی نے بھی سحری پر اہتمام کیا ہوگا۔
نیا جوڑا اور نوٹوں والے ہار
روزہ کشائی مذہبی طور پر تو بالکل ضروری نہیں لیکن بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے روایتی طور پر یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس دن روزہ رکھنے والے بچے کو خصوصی پروٹوکول دیا جاتا ہے، نیا جوڑا پہنایا جاتا ہے۔ لڑکے ہوں تو سفید شلوار قمیض جبکہ بچیوں کو زیادہ تر اس دن سرخ جوڑا پہناتے ہیں۔ اس کے علاوہ نوٹوں والے ہار بھی اس دن لازمی ہوجاتے ہیں۔
خاندان والے بھی تحفے دیتے ہیں
سحری سے زیادہ اس دن افطار پر اہتمام کیا جاتا ہے۔ گھر کو سجاتے ہیں اور کہیں تو تمام خاندان والوں اور محلے والوں کو دعوت دی جاتی ہے اور خوب اہتمام سے بچے کا روزہ افطار کروایا جاتا ہے۔
بچپن کی یہ خوبصورت یادیں یہ بڑے ہو کر قیمتی سرمایہ بن جاتی ہیں۔ کیوں نہ آج آپ بھی اپنی روزہ کشائی کی تصویریں ایک بار پھر دیکھ لیں اور ہمیں کمنٹ میں بتائیں کہ آپ کا پہلا روزہ کس طرح منایا گیا تھا۔