کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل قتل، بار ایسوسی ایشن کا عدالتوں سے بائیکاٹ کا اعلان

image

کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

مقتول سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ایک مقدمے میں درخواست گزار تھے۔

منگل کو پولیس نے بتایا کہ عبدالرزاق شر کو کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر عاق چوک کے قریب اس وقت نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا جب وہ گھر سے عدالت جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سر اور سینے میں گولیاں لگنے سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔

عبدالرزاق شر نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خلاف بطور وزیراعظم آئین توڑنے پر آرٹیکل چھ کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔

ایس پی شفقت جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ورثا پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی سول ہسپتال سے لاش اپنے ہمراہ لے کر چلے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول کی اپنے رشتہ داروں کے ساتھ زمین کا تنازع چل رہا تھا۔ قتل کی وجہ بظاہر ذاتی دشمنی لگ رہی ہے تاہم پولیس مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔

واقعہ کے خلاف وکلا تنظیموں نے کوئٹہ میں احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ بلوچستان بار کونسل نے دو روزہ اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے ایک روزہ بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ’اس قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وکلاء ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US