نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے فیملی ٹری کو مزید محفوظ بنانے کیلیے اہم اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔
نادرا کے مطابق 3 سے 10 سال کی عمر کے بچوں کے بے فارم پر تصویر لازمی قرار دے دی گئی ہے، جبکہ 10 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کیے جائیں گے۔ تاہم 3 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے بے فارم پر تصویر کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش کے ایک ماہ کے اندر اس کا یونین کونسل میں اندراج کرانا لازم ہوگا۔ ادارے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد فیملی ٹری میں کسی غیر متعلقہ شخص کے اندراج کو روکنا اور ریکارڈ کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
نادرا حکام کے مطابق نئے فیصلے شناختی نظام کو مضبوط بنانے اور جعل سازی کے امکانات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔