آزادی یا موت، جیل سے عمران خان کا پیغام آچکا، سہیل آفریدی

image

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور گڈ گورننس پر عمل پیرا ہے۔

کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد عمران خان کے وژن کے تحت انسانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سو فیصد میرٹ پر 16 ہزار بھرتیاں کیں، انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں بھرتیوں کے عمل میں کوئی ایک سیاسی سفارش ثابت کرے، تمام محکموں، نیم سرکاری اور خودمختار اداروں میں بھرتیاں میرٹ پر ایٹا کے ذریعے ہوں گی۔

خیبر پختونخوا میں کوئی نوکری سیاسی سفارش پر نہیں ملے گی، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، کرپشن کے ثبوت لائیں حکومت کارروائی کرے گی، عوامی مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے دروازے کھلے رکھنے کی پالیسی دی ہے، مینڈیٹ چوری کر کے وزیر اعلی بننے والی مجھے مشورے دیتی ہے، مجھے مشورے دینے سے پہلے اپنے صوبے کا حال دیکھے، صحت کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ سرمایاکاری ہو رہی ہے، پنجاب سب سے نیچے ہے، خیبر پختونخوا میں پالیسی صرف عمران خان کی چلے گی، خیبر پختونخوا میں وفاقی حکومت نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی، اس پر کوئی بات نہیں کرتا، میرے اور آپ کے ٹیکس کا پیسہ ہے، پاکستان کا قرضہ 80 ہزار ارب تک پہنچ چکا ہے۔

ہمیں مشورہ دینے والے پاکستان کو ڈبو رہے ہیں، ڈالر کو مصنوعی طور پر روکا گیا ہے، عمران خان کہتے تھے یہ مائنز لگا رہے ہیں، جب ڈالر کو فری فلوٹ پر چھوڑیں گے تو یہ 300 روپے سے اوپر جائے گا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور ادارے عمران خان کو جھکانے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے پر لگے ہوئے ہیں، قائد عمران خان کی بہنوں کے خلاف واٹر کینن کا استعمال کیا جاتا ہے، جنہوں نے ہمارے مینڈیٹ کی حفاظت کرنی تھی وہ مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال رہے ہیں، کچھ ٹاؤٹس میڈیا پر بیٹھ کر ہمیں گولیاں چلانے سے ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جیل سے عمران خان کا پیغام آچکا ہے، آزادی یا موت، ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے، عمران خان نے مذاکرات یا احتجاج کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دی ہے، ان اکابرین سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کوہاٹ میں گرلز کیڈٹ کالج، کوہاٹ یونیورسٹی میں گرلز کیمپس کے قیام کے علاوہ کوہاٹ میں 1000 بیڈز پر مشتمل اسپتال اور پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کا بھی اعلان کردیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US