آمدن سے زائد اثاثوں کا معاملہ: فرح خان اور شوہر نے نیب طلبی پر جواب جمع کرا دیا

image

جمعرات کو فرح خان المعروف فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر نے نیب طلبی نوٹس پر ایڈوکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے جواب جمع کرا دیا ہے۔

نیب میں جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ ریفرنس دائر کرنے سے قبل نیب نے کردار کشی پر مبنی پریس ریلیز جاری کی جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔ نیب کے سیکشن 33 F کے تحت کسی بھی ملزم کو عدالت ہی قانونی ضابطے کے بعد مجرم قرار دے سکتی ہے۔

طلبی نوٹس پر جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ عدالت قانونی ضابطے کے بعد شواہد نہ ملنے پر ملزم کو بری کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے۔ نیب کے سیکشن 33G  کے تحت پریس ریلیز کےذریعے کردار کشی کرنا قابل گرفت ہے۔

ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے نیب کو جواب لکھتے ہوئے مزید بتایا ہے کہ نیب کردار کشی کرنے پر پہلے ذمہ دار متعلقہ افسران کو سزا دے۔ نیب کو پرائیوٹ بزنس کے معاملے میں تحقیقات کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

تحریری جواب میں فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے کاروبار کے متعلق وضاحت بھی دی گئی ہے۔ جواب میں لکھا ہے ’فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کا اپنا کاروبار ہے۔ نیب کی جانب سے کاروباری معاملے کی تحقیقات اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔ جن بینک اکاؤنٹس کو بنیاد بنا کر چھان بین شروع کی گئی ہے وہ پہلے سے ظاہر کردہ ہیں۔‘

نیب طلبی نوٹس پر جواب میں تحریر کیا گیا ہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر نیب کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نیب نے جمعرات کو طلبی کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US