بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام سندھی بولنے والوں سے معذرت خواہ ہوں جن کو میں نے اپنی غلط رائے سے شدید دکھ پہنچایا ہے، میں مانتا ہوں کہ میری معلومات غلط تھیں لیکن کیا اس کے لیے مجھے سولی پر چڑھانا ضروری ہے؟‘بہت برسوں تک غلط طور پر ذہین شخص سمجھے جانے کے بعد جاہل اور فرضی دانشور کہلائے جانے سے کافی لطف اندوز ہو رہا ہوں، یہ بڑی تبدیلی ہے۔
نصیر الدین شاہ کو ایک حالیہ انٹرویو کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں اب سندھی زبان نہیں بولی جاتی، اس کے فوراً بعد اداکار نے فیس بک پر معافی نامہ جاری کیا اور اسے اپنی طرف سے ’غلطی‘ اور ’غلط بیان‘ قرار دیا۔
نصیرالدین شاہ نے اپنے فیس بک پیج پر لکھاکہ ایسا لگتا ہے کہ حال میں میں نے جو کہا ہے اس پر مکمل طور پر دو غیر ضروری تنازعات پھوٹ پڑے ہیں۔’ایک پاکستان میں سندھی زبان کے بارے میں میری غلط بیانی سے متعلق ہے۔ میں غلطی پر تھا۔ دوسرا وہ ہے جو میں نے مراٹھی اور فارسی کے تعلقات کے بارے میں کہا تھا۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے نصیر الدین شاہ کے بیان اور معافی پر تبصرے کئے، بہت سے لوگوں نے کہا کہ وہ ان کے پسندیدہ اداکار ہیں اور وہ اب اس بات کو دل پر نہ لیں۔عرفانہ ملاح نامی صارف نے لکھا: ’نصیرالدین شاہ صاحب ہم آپ کو مصلوب نہیں کر رہے ہیں لیکن آپ جیسی شخصیت سے اس طرح کے بیان کی امید نہیں رکھتے۔