ہمارے یہاں چڑھتے سورج کو سلام کرنا جیسے لوگوں کی فطرت میں شامل ہوگیا ہے، پہلے جسے لوگ پوچھتے تک نہیں تھے آج اسے کامیاب ہوتا دیکھ ہر کوئی اسکے آگے پیچھے ہو رہا ہے، اور یہ سب کچھ شوبز انڈسٹری میں اور بھی زیادہ ہوتا ہے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار وہاج علی جنہیں آج نہ صرف پورا پاکستان جانتا ہے بلکہ بھارت میں بھی انکے لاکھوں مداح موجودہیں، کے ساتھ بھی ماضی میں ایسا ہی کچھ ہوا تھا جب ایک اداکارہ نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ پر مزے کی بات تو یہ ہے کہ وہی اداکارہ اب وہاج علی کے ساتھ پروجیکٹ کرنے کے لیے راضی ہو گئی ہیں۔
حال ہی میں یہ انکشاف نجی میڈیا کمپنی کے مالک، راحیل راؤ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام کی اسٹوری پر کیا ہے
ڈرامہ سیریل "تیرے بن" میں کام کرنے کے بعد شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار وہاج علی سے متعلق راحیل راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ایک نامور اداکارہ نے اُن کے میگزین کے لیے وہاج علی کے ساتھ شوٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔انہوں نے اداکارہ کا نام لیے بغیر مزید لکھا ہے کہ، اب وہی اداکارہ وہاج علی کے ساتھ ایک شوٹ کر رہی ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ، کچھ سال قبل جب اداکارہ سے رابطہ کیا تھا تو انہوں نے وہاج کا نام سن کر انکار کر دیا تھا اور شوٹ کے لیے دیگر فنکاروں کے ناموں کا مشورہ دیا تھا۔ جبکہ میں نے اداکارہ کی بات ماننے کے بجائے فیشن شوٹ ہی منسوخ کر دیا تھا۔
اور اب اُسی اداکارہ کو وہاج علی کے ساتھ کام کرتا دیکھ کر یہ کہنے کو دل چاہ رہا ہے کہ "بدلتا ہے آسمان رنگ کیسے کیسے۔"
راحیل راؤ کی اسٹوری دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا اندازہ ہے کہ وہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ مایا علی ہیں کیوں کہ حال ہی میں اداکار وہاج علی اور مایا علی کا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے۔