پاکستانی اداکارہ سارہ عمیر جو ماضی کی مقبول اداکارہ رہ چکی ہیں، نے حال ہی میں8 سال بعد پہلی بار مدیحہ نقوی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنی نجی زندگی اور شوبز سے دوری کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
سارہ عمیر جو پچھلے کئی سالوں سے ٹی وی اسکرین سے دور ہیں، کے مشہور ڈراموں میں مائی نی، تھوڑا سا آسمان اور روگ سمیت دیگر شامل ہیں ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی وی میں بھی کام کیا ہے۔ سارہ نے انتہائی کم کمری میں اداکاری کا آغاز کردیا تھا، ان کی عمر 17 سال تھی جب پہلی بار وہ آڈیشن دینے گئی تھیں۔
انہوں نے اپنے آڈیشن اور وہاں ملنے والی محبت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ، "اداکاری کے شوق میں جب وہ 17 برس کی عمر میں اپنا پہلا آڈیشن دینے کے لیے گئیں تو وہ پہلی ہی نظر میں اپنا دل پروڈیوسر محسن طلعت کو دے کر آگئیں جن سے بعد میں انہوں نے شادی کرلی۔"
انہوں نے اعتراف کیا کہ پروڈیوسر کو دیکھتے ہی انہیں ان سے پیار ہوگیا جب کہ پروڈیوسر کو بھی ان سے محبت ہوگئی اور دونوں نے پہلی ہی نظر میں ایک دوسرے کو پسند کرلیا۔
سارہ نے بتایا کہ، انہیں کھانا بنانا نہیں آتا تھا، اس لیے شادی کے بعد انہوں نے شوہر کے لیے گھرداری سیکھی، انہوں نے تمام چیزیں سیکھنے کے بعد جیسے ہی شوبز میں واپسی کا ارادہ کیا تو وہ اُمید سے ہوگئیں اور انہوں نے اداکاری کو عارضی طور پر خیرباد کہا۔ ان کے اب دو بیٹے ہیں، بڑے بیٹے کا نام محمد زبیر بن محسن جب کہ چھوٹے بیٹے کا نام محمد زوہان بن محسن ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ، شوہر نے انہیں کبھی اداکاری سے منع نہیں کیا لیکن انہوں نے خود اپنی مرضی سے اداکاری سے وقفہ لیا، کیوں کہ انہوں نے 17 سال کی عمر سے لے کر 29 سال تک مسلسل کام کیا تھا۔
سارہ نے شوبز میں واپسی کے حوالے سے بتایا کہ، "اب جب دونوں بچے بڑے ہوگئے تو میں نے شوبز میں آنے کا ارادہ کیا اور ایک ڈرامے میں اداکاری کا معاہدہ کیا اور اب جلد ہی میرا ڈرامہ نشر ہوگا۔"