“آپ اپنےشو میں مہمان کو دعوت دیتے ہیں یا کسی ملزم کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہیں۔ اللہ ہدایت دے آپ جیسے پوڈکاسٹ کو“
غصے میں کہے گئے یہ الفاظ ہیں معروف سینئیر اداکاراہ صباء فیصل کے جو پچھلے ہفتے سنیتا مارشل سے مذہب کے متعلق انتہائی حساس سوالات کرنے پر نادر علی سے کافی ناراض ہیں۔
واضح رہے کہ نادر علی نے شو میں عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی معروف ماڈل سنیتا مارشل کو بلایا تھا اور ان سے اسلام قبول کرنے کے ارادے کے بارے میں سوال کیا تھا اتنا ہی نہیں نادر علی نے سنیتا کو اللہ سے ہدایت ملنے کی دعا بھی دی تھی۔
اس حوالے سے سنیتا سے معافی مانگتے ہوئے نادر علی نے کہا ہے کہ پوڈ کاسٹ کے دوران میرا ارادہ سنیتا مارشل یا کسی کی بھی دل آزاری کرنے کا نہیں تھا، یہ بس میری دلچسپی تھی، میں سنیتا مارشل کے اسلام قبول کرنے کے ارادے سے متعلق جاننا چاہتا تھا۔ مذہب ایک ذاتی انتخاب ہے اور میں تمام مذہب کے لوگوں کا احترام کرتا ہوں۔ یہ میری اور باقی 1.9 بلین مسلمانوں کی خواہش ہے کہ باقی مذاہب کے افراد اسلام کی جانب آئیں، ہاں مگر اپنی مرضی کے ساتھ۔ اگر اب بھی میرے کسی الفاظ سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں۔