معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا ، شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ٹیلیفونک گفتگو

image

وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف  کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج منظور کرنے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم پر واضح کر دیا کہ معاہدے کی خلاف ورزی  برداشت نہیں کروں گا، 12 اگست تک ہماری حکومت ہے، پھر نگران حکومت معاہدے کا احترام جاری رکھے گی ، وزیر اعظم نے کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریبوں کے لیے احساس رکھتی ہیں اور انہوں نے معاہدے کے لیے قابل قدر حمایت کی۔

شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین اور لذیذ ترین آم پیدا کرتا ہے، آپ کے لیے احترام کے جذبے کے طورپر آموں کا تحفہ بھجوارہا ہوں۔

اس موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدہ کے لیے آئی ایم ایف کے سامنے پاکستان کا کیس  بھرپور انداز میں پیش کیا حالانکہ آئی ایم ایف بورڈ ماضی میں اعتماد کی کمی کی وجہ سے معاہدے کی شرائط کو پورا کرنے کے پاکستان کے عزم پر شکوک و شبہات کا شکار تھا۔

کرسٹینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد استوار ہوچکا ہے ، یقین ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف وعدوں کو پورا کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا اہم رکن ہے، آئی ایم ایف پاکستان کی ہر ممکن حد تک مدد کرتا رہے گا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US