پاکستان اور یو اے ای کا باہمی شراکت داری کو نئی جہت دینے پر زور

image

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی شراکت داری کو نئی جہت دینے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدر متحدہ عرب امارات پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔ ان کا استقبال وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کیا۔ اماراتی صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا تھا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، جاری منصوبوں میں پیشرفت اور مستقبل کے تعاون کے نئے مواقع پر گفتگو کی۔ دونوں قیادتوں نے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے اور عالمی سطح پر درپیش اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کی بھی تجدید کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔

دورے کے دوران صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، آئی ٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملنے اور معاشی استحکام میں مدد کی توقع ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US