آرمی چیف نے سمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کے کورٹ مارشل کا حکم دیا ہے: وزیر داخلہ

image

پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سرحدوں پر موجود اہلکاروں کے سمگلنگ میں ملوث ہونے کی بات سو فیصد درست اور آرمی چیف نے اپنے لوگوں کے خلاف کارروائی کا واضح حکم دیا ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’آرمی چیف نے کہا ہے کہ جو اہلکار سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی کاروائیوں میں ملوث ہوں گے اُن کا کورٹ مارشل ہو گا اور اُن کو جیل بھی بھیجا جائے گا۔‘

اُن کے مطابق ’فوج کے احتساب کا طریقہ کار چونکہ پبلک نہیں ہوتا تو ہمارے علم میں نہیں آتا لیکن اُن کا اپنا احتساب کا ایک نظام ہے اور وہ احتساب ہم نے نہ صرف یہاں دیکھ لیا بلکہ نو مئی کے واقعات کے بعد بھی دیکھ لیا۔‘

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ’چینی اور گندم کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں۔ اور اب مشترکہ چیک پوسٹیں ہوں گی جہاں پولیس، کسٹمز اور دیگر محکموں کے اہلکار موجود ہوں گے۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2200 میٹرک ٹن گندم اور آٹھ ہزار میٹرک ٹن چینی کی سمگلنگ روکی ہے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ ’حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت نیچے آئی ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ ڈالر اپنی اصل قیمت تک آئے اور اب ہم اس سے دور نہیں ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 168 مقدمات درج کر کے ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیا گیا۔ ’658 ملین روپے کی برآمدگی بھی ہو چکی ہے۔‘

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’جو لوگ سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ہیں، اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

نگراں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سمگلنگ اونٹوں پر نہیں ٹرکوں پر ہو رہی تھی، اور اس غیرقانونی کاروبار میں سیاستدانوں اور سرکاری افسران کے نام بھی شامل ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’سمگلنگ سے متعلق ہونے والی تحقیقات میں کچھ نکلا تو حقائق سامنے لائے جائیں گے۔‘

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ہونے والے ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’میاں صاحب اگر واپس آ کر سیاست میں آنا چاہتے ہیں تو یہ ایک حوصلہ افزا بات ہے۔‘

پاکستان میں آئندہ عام انتخابات میں سکیورٹی خدشات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ’الیکشن میں پولنگ سٹیشنز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US