نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔
سنیچر کو پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر دل افسردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم تحمل اور شہریوں کے تحفظ پر زور دیتے ہیں۔‘وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن دو ریاستی حل میں مضمر ہے جس میں ایک خودمختار فلسطینی ریاست ہو۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال اور اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مشرقی وسطیٰ میں دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کرتا رہا ہے جس میں مسئلہ فلسطین کا منصفانہ، جامع اور دیرپا حل ہو۔بیان کے مطابق پاکستان کو وہاں جانی نقصان اور لوگوں کو درپیش مشکلات پر تشویش ہے۔’ہم عالمی برادری سے جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’سنیچر کی صبح سے اسرائیل کے حملوں میں 198 فلسطینی مارے گئے ہیں جبکہ 1600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔‘دوسری جانب اسرائیل کی ایمبولینس سروس نے بتایا کہ ’فلسطینیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں میں کم سے کم 100 اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں۔‘اس حوالے سے اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’حملوں میں 545 اسرائیلی زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘