پی ٹی آئی ورکر اور ٹک ٹاکر صنم جاوید چوتھی مرتبہ گرفتار

image

پولیس نے پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید کو گذشتہ شب کوٹ لکھپت جیل سے ان کی دوسری مرتبہ رہائی کے بعد گرفتار کیا تھا۔ آج انہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا، تاہم عدالت نے ان کو مقدمے سے ڈسچارج کر کے رہا کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی احاطے میں ہی پولیس نے انہیں 9 مئی کی ماڈل ٹاؤن میں جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔ یوں یہ ان کی چوتھی گرفتاری ہے۔

گذشتہ رات انہیں کوٹ لکھپت جیل سے دوسری مرتبہ رہائی کے بعد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے صنم جاوید کی ریس کورس تھانے کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر رکھی تھی۔ جمعہ کی شام انہیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تو گیٹ پر ہی کھڑی پولیس نے انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا، اور پولیس انہیں قیدیوں والی گاڑی میں بٹھا کر جیل سے روانہ ہو گئی۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صنم جاوید قیدیوں والی گاڑی میں نعرے لگا رہی ہیں۔ اس سے پہلے گذشتہ مہینے انہیں پانچ ماہ کے بعد 9 مئی کے دو مقدمات میں عدالت نے رہا کیا تھا، جبکہ پولیس نے انہیں کیمپ جیل کے باہر سے دوبارہ حراست میں لے لیا، اور ان کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا۔

 دوسری طرف ان کے وکلا نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں صنم جاوید پر درج مقدمات کی تفصیل پولیس سے مانگی گئی ہے۔ اس درخواست پر پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی تھی کہ تاحال وہ کسی نئے مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں۔

صنم جاوید کا شمار تحریک انصاف کے ان کارکنوں میں ہوتا ہے جو 9 مئی کے واقعات کے بعد سب سے پہلے گرفتار ہوئے تھے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US