ڈیرہ بگٹی سے اغوا ہونے والے باقی دو فٹ بالر بھی بازیاب

image

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے ستمبر میں اغوا ہونے والے باقی دو فٹ بالر بھی بازیاب ہو گئے۔

نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بابر علی بگٹی اور شیراز بگٹی گزشتہ شب اپنے گھر بحفاظت پہنچ گئے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائی۔

ڈیرہ بگٹی لیویز کے مطابق 9 ستمبر کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے تقریباً 15 کلومیٹر دور کچھی کینال کے قریب لونڈو نالہ کے مقام پر فٹ بال کے چھ کھلاڑیوں کو اغوا کیا گیا تھا جن میں سے چار فٹبالر عامر، فیصل، یاسر اور سہیل احمد کو 29 ستمبر کو ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی علاقے شاری دربار میں اغوا کاروں نے چھوڑ دیا تھا۔

تاہم باقی دو فٹ بالر اغوا کاروں کی قید میں تھے جنہیں سنیچر کی شب رہائی ملی۔

فٹ بالروں کے اغوا کی ذمہ داری ایک نئی مسلح تنظیم بلوچ لبریشن ٹائیگرز (بی ایل ٹی) نے قبول کی تھی۔ 29 ستمبر کو تنظیم کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ’چار مغویوں کو قبائلی عمائدین کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔‘

سوئی لیویز کے رسالدار صالح محمد نے 9 ستمبر کو اردو نیوز کو بتایا تھا کہ سوئی سے تعلق رکھنے والے 24 فٹ بالر سبی میں ایک فٹبال ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے پک اپ گاڑی میں جا رہے تھے۔

’لونڈو نالہ کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے انہیں اسلحہ کے زور پر روکا اور سب کی شناخت معلوم کی۔ شناخت کے بعد ان میں سے چھ فٹ بالروں کو اغوا کر کے پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US