نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین شاہد احمد خان کی ملاقات

image

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے امریکی صدر کے مشیر برائے آرٹس پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین شاہد احمد خان نے پیر کو یہاں کلچر ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ثقافتی تبادلوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کے نقطہ نظر اور ثقافت کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔

امریکی صدر کے مشیر شاہد احمد خان نے کہا کہ وہ اکثر پاکستان کا سفر کرتے رہے ہیں اور خطے کے عظیم ثقافتی ورثے پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے شاہد احمد خان کی والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی۔ بعد ازاں امریکی صدر کے مشیر برائے آرٹ شاہد احمد خان نے وزیر قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ کے ہمراہ سرسید میموریل بلڈنگ میں واقع اسلام آباد میوزیم کا دورہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیم نے مشیر کو گندھارا تہذیب کی تاریخ، میوزیم میں موجود مختلف سٹوپا، مجسموں اور دیگر نوادرات کے بارے میں بتایا۔ تبصروں کی کتاب میں اپنے خیالات درج کرتے ہوئے مشیر نے تاریخی مقامات کے تحفظ پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US