ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے حل کے لئے قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

image

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے حل کے لئے قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی تقسیم اور معاشی مشکلات جیسے چیلنجز درپیش ہیں، امید ہے آئندہ منتخب حکومت ان مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے کام کرے گی۔

بدھ کو یہاں الیکشن کمیشن کی کوریج کرنے والے صحافیوں سے ظہرانے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے حل کے لئے اہل قیادت کا انتخاب ضروری ہے، امید ہے 8 فروری کے انتخابات کے بعد جو بھی منتخب حکومت آئے گی وہ ملک اور عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئین کے تحت کام کر رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ جو ذمہ داری ہمیں ملی ہے اسے بہتر طریقے سے انجام دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے،

مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں اور پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں، جے یو آئی سمیت کئی دوسری جماعتیں بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کا شکوہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US