اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 7 کارروائیوں کے دوران 155 کلو منشیات برآمد کر کے 8 ملزمان گرفتار کر لئے ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کارگو آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو ہیروئن برآمد کر کےملزم کوگرفتار کر لیا گیا، کچلاک بائی پاس کوئٹہ سے 102 کلو چرس، کارخانو مارکیٹ پشاور سے 30 کلو چرس جبکہ جیل روڈ ہری پور میں دو ملزمان سے 14 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔اسی طرح تیرہ اورکزئی سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی، پیر ودھائی موڑ راولپنڈی میں تین ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کلو چرس برآمد کی گئی۔ایک اور کارروائی کے دوران بحریہ ٹاؤن فیز فور راولپنڈی میں دو ملزمان سے 300 نشہ آور ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔