سکیورٹی خدشات، اسلام آباد کی پانچ یونیورسٹیوں کو بند کر دیا گیا

image

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورتحال کے سبب انتظامیہ نے شہر کی بڑی جامعات کو غیرمعینہ مدت تک بند کر دیا ہے۔

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے فوکل پرسن عبداللہ تبسم نے بتایا کہ ان تعلیمی اداروں کو سکیورٹی خدشات کے سبب بند کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’حساس اداروں نے متعلقہ جامعات سے متعلق سکیورٹی خدشات کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ بندش کب تک رہی گی اس متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔‘

کون کون سی جامعات بند کی گئیں؟اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق اس وقت پانچ یونیورسٹیز کو بند کیا گیا ہے جن میں قائداعظم یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی نینشل ڈیفنس یونیورسٹی اور نمل یونیورسٹی شامل ہیں۔

ایئر یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی کو آج انتظامی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے۔ انہیں سکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔ 

’قائداعظم یونیورسٹی طلبہ کے احتجاج کے سبب بند‘قائداعظم یونیورسٹی کے تعلقات عامہ کے آفیسر ندیم یاسر نے بتایا کہ اس وقت میں یونیورسٹی میں مخلتف طلبہ یونینز ہڑتال کر رہی ہیں جس کی وجہ سے امتحانات ملتوی کرتے ہوئے یونیورسٹی بند کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے متعدد بلاکس کھلے ہیں اور سٹاف آپ کا کام کر رہا ہے۔‘ 

نمل یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا سٹاف کام کر رہا ہے تاہم طلبہ کو آج چھٹی دے دی گئی ہے۔ طلبہ اور ملازمین کو واپس گھر بھیج دیا گیا ہے۔‘ 

آج (پیر کو) بند کی جانے والی جامعات کے ملازمین اور طلبہ نے بتایا کہ انہیں اچانک یونیورسٹی انتظامیہ نے گھر جانے کو کہا اور بتایا گیا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر یونیورسٹی بند کی جا رہی ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US