لاہور۔26جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ عالمی عدالت کا فیصلہ غزہ کے بے کسوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا،بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں،گزشتہ75سال سے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے،آر ایس ایس نے بھارت کو یرغمال بنایا ہوا ہے،
آج ہندوستان میں یوم جمہوریہ ہے جبکہ کشمیریوں سمیت ہندوستان کی تمام اقلیتوں کے لیے یوم سیاہ ہے، پانچ سو سال پرانی بابری مسجد کو شہید کر کے وہاں ایودھیا مندر کی تعمیر کرکے مودی مقبول ہوا،پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں سب سے زیادہ بھارت ملوث ہے،بھارت فلموں کے ذریعے نفرت پھیلانے میں مصروف ہے۔وہ جمعہ کی رات صبینہ حسین ملک اورصائم علی دادا کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے مظلوم فلسطینیوں کی آواز سن لی، عالمی عدالت اسرائیل کو مظالم بند کرنے کے فیصلے پر عمل بھی کروائے، کاش مظلوم کشمیریوں کی صدا بھی کوئی سنے، کشمیری کئی دہائیوں سے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ، ہزاروں افراد بھارتی تسلط سے آزادی کا خواب لئے شہادت پا گئے،عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کے خلاف فیصلہ کشمیریوں کے لئے بھی امید کی کرن ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ آج ہندوستان کا یوم جمہوریہ ہے،تمام کشمیری اور دنیا اس کو بلیک ڈے کے طور پر مناتے ہیں،ہندوستان میں بھی اقلیتی بلیک ڈے مناتے ہیں اور آج کا دن کشمیریوں کے لیے ماتم کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کے لیے ہر دن یوم سیاہ ہوتا ہے لیکن اس وقت آر ایس ایس نے پورے ہندوستان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔آج بھارت میں آر ایس ایس کا دن ہے جس نے بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا اور اس وقت آر ایس ایس نے بھارت کے تمام اداروں کو رسیوں سے باندھ رکھا ہے۔بھارت کی آرمی سمیت سب ادارے آر ایس ایس کے زیرکنٹرول ہیں اوربھارت کشمیریوں کے ساتھ ظلم و جبر کرنے میں مصروف ہے۔آر ایس ایس کی اپنی دہشتگردی کی فورس ہے جن کا پوری دنیا میں نیٹ ورک چل رہا ہے جب یہ گلوبل نیٹ ورک سکھوں کی طرف ہوا تو پوری دنیا میں احتجاج ہوا اور ان کا چہرہ سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ کینڈا میںسکھ رہنماؤں کو بھارت نے قتل کروایا،کینیڈین وزیراعظم نے بھی کہا کہ بھارت نے کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کو قتل کروایا،بھارت پاکستان میں بھی معصوم لوگوں کو قتل کروانے میں ملوث ہے اور اس وقت بھارت نے عالمی قوانین کو پس پشت ڈال رکھا ہے۔کشمیر ی خواتین کو بھی بھارت نے جیلوں میں ڈال رکھا ہے ،کشمیری قوم کی نسل کشی بڑھتی جارہی ہے لیکن کوئی نہیں ہے جو بھارت کو روکے۔ایک سوال کے جواب میںمشعال ملک نے کہا کہ یسین ملک پر بھارت نے جھوٹے اور من گھڑت کیس بنا رکھے ہیں اور یسین ملک کی حالت بہت نازک ہے،بھارت یاسین ملک کے خلاف عالمی قوانین کو پس پشت ڈال کر کاروائی کررہا ہے۔یاسین ملک کی حالت بہت نازک ہے، انکے خلاف جموں اور این آئی ایس کے کیس میں یکطرفہ فیصلے کئے جا رہے ہیں، ان کو پیش بھی نہیں کیا جا رہا نہ کوئی وکیل دیا گیا، کوئی ڈاکٹر بھی نہیں دیا گیا، کشمیریوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔بھارت کشمیر میں غیر کشمیریوں کو لاکھوں کی تعداد میں لا کر آباد کر رہا ہے اور اس وقت بھارت اور نیتن یاہو ایک جیسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت فلموں کے ذریعے نفرت پھیلانے میں مصروف ہے اور دنیا بھر میں بھارت کی ایسی فلمیں بین ہو رہی ہیں کیونکہ اس میں بھارت نے دہشت پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈیا کی دہشتگردی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، انڈیا کے ٹارگٹ پر صرف کشمیری نہیں بلکہ پاکستان بھی ہے، ہم نے انڈین آر ایس ایس کے خلاف ثبوتوں کے ساتھ ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، انڈین آر ایس ایس کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جائیں گے۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ کشمیر میں جتنے بھی الیکشن ہوتے ہیں 3 سے 4 فیصد ٹرن آؤٹ ہوتا ہے، بھارت کی جانب سے 50 لاکھ لوگوں کو کشمیری ڈومیسائل دیئے گئے ہیں،بھارت کی جانب سے ٹرن آؤٹ دکھانے کیلئے نقلی ووٹر لائے جا رہے ہیں، انڈین آر ایس ایس نے انڈیا پر قبضہ جما لیا ہے،بھارت میں مسلمانوں کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، دنیا بھر میں کشمیریوں کو مختلف اذیتیں دی جا رہیں ہیں، آج بھارت کے ری پبلک ڈے پربھارت نے قوانین کو دفن کر دیا ہے،بھارت کی جانب سے دنیا بھر میں معصوم لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ، مسرت عالم اور ہماری باقی قیادت کے خلاف فیصلے دیئے جا رہے ہیں جو آج پوری کشمیری قوم کے ساتھ ہمارے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔