اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں کی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی

image

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی )نے مختلف وزارتوں کی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی ۔ وفاقی وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرِ صدارت بدھ کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں وزیر برائے نجکاری و بین الصوبائی رابطہ فواد حسن فواد، وزیر داخلہ، تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز، وزیر توانائی و پیٹرولیم ڈویژن محمد علی، وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات سمیع سعید، وزیر بحری امور، مواصلات اور ریلوے شاہد اشرف تارڑ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ ای سی سی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی تجویز پر غور کیا جس میں “مقامی طور پر تیار کردہ/اسمبلڈ گاڑیوں (PCT87.03) پر 25% سیلز ٹیکس کی بڑھتی ہوئی شرح کے معیار کو معقول بنانا تھا۔ تفصیلی بحث کے بعد تجویز کی منظوری دی گئی۔

فنانس ڈویژن نے فورم سے “نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ (NCGCL) کے شیئر سبسکرپشن ایگریمنٹ (SSA) کی منظوری مانگی۔ ای سی سی نے وزارت خزانہ کے ذریعے این سی جی سی ایل، کارانداز اور حکومت پاکستان کے درمیان ایس ایس اے پر دستخط کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ وزارت تجارت نے “SRO 760(I)/2013- قیمتی دھاتی زیورات اور قیمتی پتھروں کے آرڈر، 2013 کی درآمد اور برآمددرآمد پالیسی آرڈر 2022- حصہ II، ضمیمہ-B کے سیریل نمبر 16” میں ترمیم کے حوالے سے ایک سمری پیش کی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ان تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور ہدایت کی کہ وزارت تجارت، وزارت قانون، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی سروس سیکٹر کو کھولنے کے لیے اس برآمدی پالیسی اصلاحات کے لیے تفصیلی تجاویز مرتب کرے۔ قدرتی گیس کی فروخت کی قیمتوں کا تعین مالی سال 2023-24 ( یکم فروری 2024)” کے حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کی سمری پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

بحث کے بعد ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ فروخت کی قیمت/ٹیرف پر نظرثانی سوئی کمپنیوں کی آمدنی کی ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے۔ کمیٹی نے کھاد پلانٹس کے لیے گیس کی یکساں قیمت کی سفارش کی۔ ای سی سی نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ ماضی قریب میں یوریا کی قیمت میں بے جا اضافے کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔

ای سی سی نے وزارت صنعت کو مارکیٹ میں یوریا کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ای سی سی نے دہشت گردوں اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے بیورو کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے “رواں مالی سال کے دوران 125 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی فراہمی” کے لیے انٹیلی جنس بیورو کی سمری کی بھی منظوری دی۔ فنانس ڈویژن کی سمری پر تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US